• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کا بحران، پیپلز پارٹی بلاول کی قیادت میں سندھ، پنجاب کی سرحد پر دھرنا دے گی، ناصر شاہ

پیپلز پارٹی بلاول کی قیادت میں سندھ، پنجاب کی سرحد پر دھرنا دے گی، ناصر شاہٍ


سکھر (بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پیپلزپارٹی کے صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سہیل انور سیال نے پنجاب کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے سندھ کے حصے کا پانی چوری کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو سندھ حکومت آبادگاروں کے ساتھ مل کر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے کموں شہید پر دھرنا دے کر اسے بند کردے گی۔ 

پنجاب اور وفاق کے اس عمل کے خلاف سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قرار داد بھی لائی جائے گی۔ جس طرح فلسطین پر ظلم ہورہا ہے اسی طرح سندھ کا پانی بند کرکے یزید والا کردار ادا کیا جارہا ہے، وہ سکھر بیراج کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ 

سندھ کے وزیر آبپاشی سہیل انور سیال اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پنجاب چشمہ لنک کینال اور ٹی پی لنک کینال کھول کر سندھ کے حصے کا پانی چوری کرررہا ہے اور اس نے ان دونوں کینالز پر پانچ پانچ میگاواٹ کے بجلی بنانے کے منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیں۔

جس کی وجہ سے سندھ کو اس کے حصے کا ہانی نہیں مل رہا ہے اس وقت سندھ میں مجموعی طور پر پچاس فیصد پانی کی قلت ہے سکھر بیراج پر اس وقت 20 فیصد اور کوٹری بیراج پر 44 فیصد پانی کی کمی ہے جس کی وجہ سے کوٹری بیراج سے آگے کے علاقوں خصوصا حیدرآباد اور کراچی میں لوگ پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس مسئلے کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی اٹھایا ہے لیکن افسوس کہ نا اہل حکومت اس کا نوٹس تک نہیں لے رہی ہے وزراء نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی کی حق تلفی ہو اور اس پانی کی بحرانی صورتحال میں بھی ہم بلوچستان کو گڈو بیراج سے اس کے حصے کا پانی دے رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ سندھ کا پانی بھی چوری نہ ہو۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے اور یہاں تک کہ پنجند اور تونسہ پر موجود سندھ حکومت کے نمائندے تک کو وہاں سے نکال دیا گیا ہے ہم اس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف سندھ کے حقوق کی بات نہیں کرتی پنجاب ، بلوچستان اور کے پی کے کے مسائل پر بھی بلاول بھٹو زرداری سخت موقف رکھتے ہیں ہم پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں مگر یہاں تو نااہل حکومت کی نااہلی سندھ کو بنجر بنا رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کمشیر کے مسئلے پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح رہا ہے مگر آج تو ہم سندھ کے پانی کا ماتم کررہے ہیں۔

تازہ ترین