• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایک رات میں پاکستان کے بدترین حالات بہتری کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں اگر حکومت اور اپوزیشن خلوص نیت سے پی ایس پی کے بتائے گئے تین نکات پر عمل کرلے۔ ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لیے اٹھارویں ترمیم میں فوری طور پر ترمیم کے زریعے اختیارات اور وسائل کو وزراء اعلیٰ کے قبضے سے نکال کر یوسی کی نچلی ترین سطح تک منتقلی لازم ہے تاکہ ناصرف عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں بلکہ عوام کا اعتماد سسٹم پر بڑھے۔ دوسرا نکتہ نیشنل فائنانس کمیشن این ایف سی کی طرز پر پروونشل فنانس کمیشن پی ایف سی کا اجراء ہے، وفاق کی جانب سے این ایف سی کو پی ایف سی کیساتھ لازم و ملزوم کیا جائے اور جب تک صوبے ڈسٹرکٹ اور ڈیوژن کی سطح تک پی ایف سی کا اجراء یقینی نا بنائیں تب تک این ایف سی جاری نہیں کیا جائے۔ تیسرا اور سب سے اہم نکتہ مربوط اور مستحکم انتخابی اصلاحات ہیں کیونکہ پاکستان کے تمام انتخابات کے نتائج انتخابی شفافیت پر ناصرف سوالیہ نشان ہیں بلکہ عوامی رائے کی توہین اور سسٹم پر عدم اعتماد ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے کوئی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں اور اپوزیشن نے عوام سے امید چھین لی ہے جو کسی بھی قوم کی تباہی کا اشاریہ ہے، پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ناصرف پاکستان کے مسائل سے بخوبی واقف ہے بلکہ مسائل کے قابلِ عمل حل سے بھی واقف ہے۔

تازہ ترین