• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرش لا انفورسمنٹ اداروں کا منشیات فروشوں کےخلاف گرینڈ آپریشن

ڈبلن( معراج عابد ) آئرش لا انفورسمنٹ اداروں کا منشیات فروشوں کےخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن، 4 ماہ کے دوران 28 ملین یورو مالیت کی منشیات اور نقدی قبضے میں لیکر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا، جسٹس منسٹر ہیدر ہیمفری کا جرائم پیشہ عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کا عزم، سنگین جرائم سے نمٹنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کیمطابق آئرش گارڈز نیشنل ڈرگس اینڈ آرگنائزڈ کرائم بیورو نے یکم جنوری 2021 سے 30 اپریل 2021 کے عرصہ کے دوران ملک میں منشیات فروشوں کی بڑھتی ہوئ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے متعدد کامیاب آپریشن کیے، ان آرگنائزڈآپریشن کے دوران 28 ملین سے زائد مالیت کی منشیات قبضہ میں لی گئی جوکہ گذشتہ سال اسی عرصہ میں 392 فیصد زیادہ ہیں ،جب 5.7 ملین کی منشیات برآمد کی گئی تھی، ان آپریشن کے دوران 3.8 ملین یورو کی نقد رقم بھی قبضہ میں لی گئی جو گزشتہ سال سے 183 فیصد زیادہ ہے جب 1.3 ملین یورو تھی۔ آئرش منسٹر آف جسٹس ہیدر ہیمفری نے جی این ڈی او سی پی کی ان کارروائیوں پر خوشی کا اظہار کیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند جرائم پیشہ عناصر چند ٹکوں کیلئے ہماری نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھول رہے ہیں، انکی مجرمانہ سرگرمیوں سے سوسائٹی میں پریشانی اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے مگر میں عوام کو اس بات کا یقین دلوانا چاہتی ہوں کہ ہم انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور معاشرے کو اس منشیات کی لعنت سے بہت جلد نجات دلائیں گے۔ ان جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے گا، ان کو قطعی یہ موقع نہیں دیں گے کہ یہ ہماری نئی نسل کو اس موذی مرض میں مبتلا کرسکیں، جسٹس منسٹر نے کہا کہ ان منشیات کے سوداگروں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ناصرف لوکل اداروں کی مدد لی جائے گی بلکہ اگر ضروت پڑی تو بین الاقوامی اداروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
تازہ ترین