• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان امن تمام فریقین کی ذمہ داری شاہ محمود، امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو

افغان امن تمام فریقین کی ذمہ داری شاہ محمود، امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو 


اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ اینٹونی جے بلنکن سے فون پر بات کی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی پیش ہائے رفت پر گفتگو کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جیواکنامکس کی طرف تبدیل ہوتی توجہ کے ساتھ نیا پاکستان کے نمایاں پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیاکہ افغانستان میں پرامن سیاسی تصفیہ تمام فریقین کی ذمہ داری ہے،اس وژن کی بنیاد امن، ترقیاتی شراکت داری اور رابطے جوڑنے کے تین بنیادی ستونوں پر استوار ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان امن کیلئے پاکستان کی بھرپور اور پختہ حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زوردیا کہ افغانستان میں پرامن سیاسی تصفیہ کا حصول تمام افغان جماعتوں کے علاوہ کلیدی عالمی اور علاقائی فریقین کی مشترک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ذمہ دارانہ انخلا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تشدد میں کمی، مستقل جنگ بندی اور اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے تاریخی موقع کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری بلنکن کو اسرائیل کے زیرقبضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خراب ہوتی صورتحال پر پاکستان کے عوام کی شدید تشویش اوربے چینی سے آگاہ کیا اور سنگین صورتحال میں سہولت کاری میں مدد کیلئے ضروری اقدامات کو یقینی بنانے میں امریکی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے اور دونوں ممالک کے مشترک دوطرفہ اور علاقائی مفادات کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

تازہ ترین