• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے، فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار، اپنے نامہ نگار سے) ملی یکجہتی کونسل، امامیہ سٹوڈنٹس آر گنائزیشن اور پارلیمانی فورم برائے فلسطین و کشمیر کے زیر اہتمام اتوار کو فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،ملی یکجہتی کونسل کی احتجاجی ریلی جی نائن ٹو کمیو نٹی سنٹر سے شروع ہو کر جناح ایونیو کے راستے ڈی چوک پہنچی جبکہ آئی ایس او کی ریلی فیض آباد سے شروع ہو کر فیصل چوک پہنچی جہاں دونوں ریلیاں اکھٹی ہوکرڈی چوک پہنچیں،ریلیوں کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم ، مجلس وحدت المسلیمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس ،چیئر مین انجمن نوجوانان عبداللہ حمید گل ،تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور دیگر نے قیادت کی ،انہوں نے کہاکہ فلسطین پر اسرائیلی حملے نہ صرف انسانی حقوق ،بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اقدار کے خلاف ہیں،اسرائیلی غیر قانونی اقدامات قابل مذمت ہے ،حکومت کو کھل کر امت مسلمہ کو اکھٹا کر کے ایکشن لینا چاہیے ،معصوم فلسطینی بچوں اور ان کے والدین کے قتل پر پاکستانی عوام دکھ میں برابر کے شریک ہیں،امت مسلمہ نے اکھٹے ہو کر قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدو جہد نہ کی تو صہو نی طاقتیں حرم پاک پر بھی بری نظریں ڈالنا شروع کر دیں گی ۔مظلومین فلسطین سے یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف دارالحکومت اسلام آباد میں کار اور موٹر بائیک ریلی کاانعقاد کیا گیا ۔احتجاجی ریلی جی نائن ٹو کمیونٹی سنٹر سے سے ڈی چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کی ۔ریلی میں امامیہ اسٹوڈٹنس آرگنائزیشن ، ملی یکجہتی کونسل کے قائدین بھی شریک تھے۔ڈی چوک پر ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل نے جو آگ کا کھیل شروع کیا ہے اس کا انجام اسرائیل کی نابودی کی شکل میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم ترنوالہ نہیں جسے کوئی بھی آسانی سے نگل لے یہ اسرائیل سمیت اس کے تمام حواریوں کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنے والی مزاحمتی تحریکوں کے جرات و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس وقت دنیا کا ہر باشعور مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کا دفاع کرتا نظر آ رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہود و نصاری مسلمانوں کے دشمن ہیں یہ الہامی فیصلہ ہے۔ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں۔ اسرائیل کے خلاف تمام مسلمان حکمرانوں کو باہم ہو جانا چاہئے۔ریلی میں جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم تحریک نوجوانان پاکستان کے مرکزی رہنما عبداللہ گل ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر سمیت مذہبی وسماجی شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا ۔
تازہ ترین