• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’مجھے نیند کیوں آ رہی ہے؟ مجھے نیند نہیں آنی چاہیے۔‘‘ جھپکی آنے پر اس کے سر نے ایسے ہچکولا کھایا، جیسے کوئی مخمور شخص نشے کے عالم میں سرور میں آ کر اونگھ جائے۔’’اسں لمحے اگر مَیں سو گیا تو مَیں دنیا کا ناکام ترین آدمی ثابت ہو جاؤں گا۔‘‘یہ باتیں سوچ سوچ کراُس کا دماغ سُن ہو رہا تھا۔ آنکھوں کے سامنے میز پہ کتاب کُھلی تھی اورٹیبل لیمپ کی روشنی میں صفحے جگمگا رہے تھے۔ روشنی کے اس پیلے ہالے میں لفظ اس کی نظر کی گرفت میں آنے سے باغی ہو چُکے تھے۔اُسے اپنی آنکھوں کے سامنے الفاظ کبھی بہت چھوٹے ، تو کبھی بہت بڑے نظر آتے۔

اتنے بڑے کہ ان الفاظ کا وجود اس کی آنکھوں کے پردے کی وسعت سے باہر چلا جاتا اور کبھی اتنے مہین ہو جاتے کہ الفاظ کے بجائے کتاب کی سطریں کالے رنگ کی سیدھی لکیریں نظر آتیں۔کبھی الفاظ آنکھوں کے سامنے آڑے ترچھے ہو کر ناچنے لگتے۔اس نے عینک اُتار کر ایک طرف رکھی اور سر کو دو تین جھٹکے دئیے۔میز پہ ایک طرف پانی کا گلاس رکھا تھا، جس میں انگلیاں ڈبو کر منہ پہ چھینٹے مارے، آنکھوں پہ جُھکتے پپوٹوں کو بڑی مشکل سے اُٹھایا اور بائیں کلائی پہ بندھی گھڑی پہ نگاہ ڈالی۔

گھڑی کی سوئیاں بالکل ساکت تھیں۔بارہ بج چُکے تھے اور اب وقت کی حرکت اس گھڑی پہ رُک چُکی تھی۔وہ اُٹھا اور کھڑکی تک گیا۔پردہ ہٹا کر شیشے کے پار دیکھا۔گلی میں میونسپلٹی کے لیمپ کی کم زور روشنی اندھیرے سے لڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔وہ کچھ دیر تک بے حس و حرکت کھڑا بلاوجہ گلی تکتا رہا۔جہاں اس کی آنکھوں کے سامنے دو درخت تھے۔ایک درخت پتّوں سے لدا ہوا تھا، جب کہ دوسرے پر پتّوں کا نام و نشان تک نہ تھا۔فقط سوکھی، گنجی شاخیںتھیں۔ہلکی دُھند میں لپٹی یخ بستہ رات میں وہ درخت ٹھٹھر رہے تھے۔’’ حیرت ہے مَیں نے آج سے پہلے ان درختوں کے درمیان یہ فرق کبھی محسوس ہی نہ کیا۔ ‘‘وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا اور اپنے آپ پر حیرت محسوس ہوئی۔ پھر اس نے پردہ کھلا ہی رہنے دیا۔

اس کا گلا خشک ہو رہاتھا اور زبان تالو کے ساتھ چپکتی محسوس ہورہی تھی۔وہ واپس مُڑا اور پھر سے میز کے قریب پہنچ گیا۔ گھڑی اُتار کر میز پر رکھ دی۔کرسی پہ بیٹھ کےمیز سے پانی کا گلاس اُٹھایا اور کچھ دیر تک اسے گھورتا رہا۔ اس سے پہلے کہ پہلا گھونٹ لیتا، اس کا ہاتھ کپکپایا اور گلاس اس کے ہاتھ سےچُھوٹ کر فرش پہ جا گرا۔کچھ پانی کپڑوں پر اور کچھ فرش پر پھیل گیا ، گلاس کِرچی کَرچی ہوکرپانی کے ساتھ فرش پہ بکھر گیا تھا۔’’لگتا ہے مَیں ابھی تک نیند کے اثر میں ہوں۔‘‘اس نے گھڑی کی طرف دیکھا، وہ بدستور رُکی ہوئی تھی۔گھڑی اُتار کر میز پر رکھ دی اور پھر خالی کلائی کو گھورتا رہا۔کبھی وہ کلائی کو دیکھتا اور کبھی گھڑی کی رُکی سوئیوں کو۔’’اسے چلنا چاہیے‘‘ اس نے گھڑی اُٹھا کر زور زور سے پٹخی کہ شاید اس طرح وہ چل پڑے، مگر یہ کوشش بے سود ثابت ہوئی۔

’’ صبح میرا سی ایس ایس کا پرچہ ہے، تو اس گھڑی کوہر حال میں صحیح کرنا پڑے گا‘‘وہ بڑبڑایااور پھر سے گھڑی کلائی پہ باندھتے ہوئے اس کی طرف دیکھا،’’اسے ہر صورت چلنا چاہیے‘‘ دماغ میں بار بار یہی خیال آر ہا تھا۔’’اس وقت توسارا بازار ،دُکانیں بند ہوںگی ،گھڑی ساز کہاں سے ڈھونڈوں؟ گھڑی کیسے ٹھیک کرواؤں؟‘‘ وہ کمرے سے نکلا اورتیزی سے سیڑھیاں اُترتا ٹی وی لاؤنج میں آ گیا۔ 

جیب کو تھپتھپا کر گھر کی چابیاں چیک کیںاور مرکزی دروازہ کھول کر باہر نکل آیا۔دروازے کو تالا لگایااورتیز تیز قدموں سےچل دیا۔ بہت سی گلیاں گھومنے کے بعد وہ ایک تنگ گلی میں داخل ہوگیا،جہاںہر طرف تاریکی تھی ۔وہ نپے تلے قدم اُٹھاتا ایک دروازے تک پہنچ گیا۔’’یہی دروازہ ہے ناں ؟‘‘ اس نے اپنی یاد داشت کھنگالی۔ اس نے دو تین دفعہ پھر سے دروازے کو غور سے دیکھا ،’’ہاں ،یہی ہے، شاید یہ نہیں ہے۔‘‘ وہ اسی شش و پنج میں مبتلا دستک دیتے دیتے اچانک رُک گیا۔ ’’ویسے رات کے اس وقت دستک دینا کوئی اچھی بات نہیں ۔‘‘ لیکن بالآخر اُس نے ہمّت کرکے دستک دے ہی دی۔تھوڑی دیر ہی میں ڈیوڑھی میں قدموں کی چاپ سنائی دی۔کوئی آہستہ آہستہ قدم اُٹھاتا دروازے کے قریب آیا۔’’کون ہے ؟‘‘ ناتواں سی نسوانی آواز اُبھری ۔’’یہ گھر گھڑی ساز، چاچا صدیق کا ہے؟‘‘ اس کے منہ سے بڑی مشکل سے ٹُوٹے پُھوٹے الفاظ نکلے۔’’ہاں بیٹا، گھر تو انہی کا ہے؟ پر تم تو کچھ بتاؤ،بھیا !تم کون ہو؟ کہاں سے آئے ہو؟‘‘ ’’خالہ! مَیں کلیم الدّین ہوں۔

ماسٹر شریف الدّین کا لڑکا۔‘‘ ارے بیٹا! خیر تو ہے؟ اتنی رات گئے کاہے کو دروازے کھٹکھٹاتے پِھر رہے ہو؟ میرا تو موا دل ہی بیٹھ گیا تھا۔ مَیں تو دُعا مانگتے مانگتے آرہی تھی کہ خدا خیر ہی کرے اس طرح رات کو تو لوگ کوئی نہ کوئی بُری خبر سنانے ہی دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں یا پھر خدا غارت کرے ، چور اُچکّے اور ڈاکو پھیرا مارتے ہیں۔یہاں تک آتے آتے تین بار آیت الکرسی پڑھ کے پھونک مار چُکی ہوں۔‘‘خالہ ایک سانس میں بولتی چلی گئیں۔

’’خالہ !خیریت ہی تو نہیں ہے، جلدی دروازہ کھولو۔‘‘ ’’ہائے ! خدا خیر کرے، کیا ہو گیابیٹا؟‘‘ انہوں نے جَھٹ در وازہ کھول دیا۔ ’’خالہ !ذرا چاچے صدیق کو بلا دیں گی، اُن سے کام ہے۔‘‘’’کیا کام ہے اُن سے؟ وہ بے چارہ توچارپائی سے لگا ہوا ہے، کیسے اُٹھےگا۔ساری رات کھانستے کھانستےگزر جاتی ہے۔اورسانس دھونکنی کی طرح چلتی ہے۔ ایک تو تپ دِق کا مرض ،اوپر سے جاڑے کی اس رات میں دَمے نے یوں آ پکڑا ہے کہ بے دَم کر کے رکھ دیا ہے۔اندر آؤ اور خود ہی حالت دیکھ لو۔ ‘‘ خالہ نے کلیم کو اندر بُلاتے ہوئے کہا۔بجلی بند تھی اورخالہ کے ہاتھ میں لالٹین تھی۔وہ گلی سے اندر ڈیوڑھی میں آ یا، خالہ نے دروازے کی کنڈی لگائی اور گھر کے اندر چل دی اورکلیم اس کے پیچھے پیچھے چل پڑا۔ ایک چھوٹے سے کچے صحن سے گزر کر دالان کی سیڑھیاں آ گئیں، وہ سیڑھیاں چڑھ کر دالان میں داخل ہو ئے۔

ایک کمرے کا دروازہ دالان میں کُھلتا تھا۔خالہ کی زبان توتیز چلتی تھی ،مگر پیروں میں بہت سستی تھی۔کلیم کو اِس سست رفتاری سے الجھن ہو رہی تھی۔ بالآخر وہ لوگ کمرے میں پہنچ ہی گئے۔اندر لالٹین کی ملگجی روشنی میں چارپائی پہ چاچا لیٹے تھے۔’’اری نیک بخت! یہ اتنی رات گئے کون آیا ہے؟ خیر خیریت تو ہے؟‘‘ لحاف چہرے سے ایک طرف ہوا تو اندر سے ایک انتہائی کم زور چہرہ نکلا،جسے دیکھ کرتوکلیم کانپ ہی گیا۔چاچا صدیق کا پرانا چہرہ تصوّر میں آگیا، جو اچھا خاصا چوڑاچکلا تھا۔ایک آنکھ پہ محدّب عدسہ لگائے وہ دُکان میں میز پہ جھکے ہوتے تھے۔

ٹیبل لیمپ کے نیچے گھڑی کا انجر پنجر کُھلا ہوتا اور وہ چھوٹے چھوٹے اوزاروں کے ساتھ کسی ماہر سرجن کی طرح گھڑیوں کی مرمّت میں مصروف ہوتے۔اب لگ رہا تھا دَمے کے ساتھ تپ دِق نے ان کے چہرے کی رونق ہی اڑا دی ہے۔ ‘‘’’جو بھی ہے، ہمارے لیے تورحمت کا فرشتہ بن کر آیا ہے کہ مَیں نگوڑی تو دروازے تک جاتے جاتے ہانپ جاتی ہوں۔ تمہاری کھانسی کی دوا ختم ہو گئی تھی ۔ اب اِسی سے منگواؤں گی۔ ‘‘ صدیق چاچا کی بیوی بولتی ہی چلی جا رہی تھی۔ ’’ارے بھئی ! اس سے بھی تو کچھ پوچھو کہ وہ کس کام سے آیا ہے؟تم تو بس اپنی ہی ہانکے جا رہی ہو۔‘‘یہ کہتے ہی چاچا صدیق کی جیسے کھانسی کی مشین چل پڑی۔چاچا صدیق گھڑی ساز کی حالت دیکھ کر کلیم کا دل ڈوبا جا رہا تھا۔گھڑی تو کیا ٹھیک ہونی تھی، اگر وہ دوا لینے بازارِ حکیماں جاتا تو دو گھنٹے اور ضایع ہو جاتے۔اور اسے تو ابھی پیپر کی کچھ تیاری بھی کرنی تھی ۔کتاب کے ایک باب کا اعادہ کرنا تھااور پھرکچھ دیر سونا بھی تھا تاکہ کل پرچہ حل کرتے ہوئےاونگھتا ہی نہ رہے۔

وہ انہی خیالوں میں گُم تھا کہ چاچا صدیق کی آواز آئی ’’ارے بھیا! کچھ تو بولو ،کس کام سے آئے ہو؟ چُپ شاہ کا روزہ کیوں رکھا ہوا ہے ؟ ‘‘ چاچا کھانستے کھانستے ہی رُک رُک کر بولتا رہا۔ ’’وہ ابّا نے آپ کا حال احوال پوچھنے کے لیے بھیجا تھا۔‘‘کلیم نے بات بنائی۔ ’’لائیں خالہ! مجھے حکیم صاحب کا نسخہ دے دیں ،مَیں دوا بندھوا لاتا ہوں۔‘‘ نسخہ پکڑ کر مزید کچھ کہے بغیر وہ بھاگم بھاگ حکیم مظہر اللہ کے گھر پہنچا اور دھڑا دھڑ دروازہ پیٹ کر دروازہ کھلوایا۔

حکیم صاحب کے چہرے پہ ناگواری کے تاثرات نمایاں تھے۔اس نے بڑی لجاجت کے ساتھ چاچا صدیق کی دگرگوں حالت ان کے گوش گزار کی اور ان کے بہت منت ترلے کیے کہ ابھی اور اسی وقت دوا باندھ دیجیے۔حکیم صاحب نے لیت ولعل سے کام لیا۔بہت بہانے تراشے کہ رات ہو گئی ہے،مطب بند ہے،لڑکا نہیں ہے، جو دوا باندھتا ہے۔صبح آجانا ،مگر کلیم ان کے دروازے سے چپک گیاکہ حکیم صاحب دوا دیں گے تو جاؤں گا، ورنہ ساری رات ادھر ہی کھڑا ہو کے دروازہ کھٹکھٹاتا رہوں گا۔

بالآخر حکیم صاحب نے اس کی ہٹ دھرمی کے آگے ہتھیار ڈال دئیے۔اندر جا کر مطب کی چابی اٹھا لائے، گھر کے بغل ہی میں ان کی دُکان تھی۔نسخہ دیکھ کر ایک بوتل میں شربت انڈیل دیا اور ایک پڑیا میں کچھ سفوف سا باندھ دیاساتھ ایک معجون کی ڈبیا بھی پکڑائی۔ کلیم نے جیب سے کچھ نوٹ نکال کر حکیم صاحب کے ہاتھ پر رکھ دئیے۔’’اس وقت میرے پاس بس یہی ہیں، رکھ لیجیے، بقایا کل دے جاؤں گا۔‘‘یہ کہہ کر اس نے گلی میں دوڑ لگا دی۔

وہ سر پر پاؤں رکھ کر بھاگا اور بھاگم بھاگ چاچا صدیق کے گھرجا پہنچا۔جہاں دونوں میاں بیوی اس کی آمد کے منتظر تھے۔خالہ کو دوا پکڑا کر واپس بھاگ کھڑا ہوا۔خالہ کے منہ سے بے شمار دُعائیں نکل رہی تھیں ۔ دعاؤں کےا لفاظ اس کا تعاقب کر رہے تھے۔ وہ گھر پہنچا،کل کے پرچے سے متعلق بے شمار وسوسے اُسے گھیرے ہوئے تھے۔ اس نے گھڑی اُتار کر میز پر پٹخ دی کہ اب تو وہ ٹھیک ہی نہیں ہو سکتی تھی ۔ ٹیبل لیمپ بجھا کر چارپائی پر لیٹنے کا ارادہ ہی کر رہا تھا کہ اچانک حیرت کا شدید جھٹکا لگا۔ اُسے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔

ٹیبل لیمپ کی روشنی میں اسے واضح طور پر گھڑی کی سوئیاں حرکت کرتی نظر آنے لگیں۔ گھڑی میز پر گرتے ہی خود بخودچلنے لگی تھی۔ اُس نے اُس بے یارو مددگار گھڑی ساز کی بے لوث مدد کی تھی اور کہیں پردۂ غیب سے اُس کی مدد بھی آن پہنچی تھی۔وہ اطمینان سے لحاف میں گھس کے گہری نیند سو گیا۔ چاچا کی مدد کرکے اس کا دل اتنا مطمئن ہو چُکا تھا کہ اب اُسے امتحان کی بھی ٹیشن نہیں رہی تھی، وہ بہت پُرسکون تھا۔ اندر ہی اندر اُسے یقین ہو چلا تھا کہ وہ سی ایس ایس کا امتحان ضرور پاس کر لے گا۔

تازہ ترین