• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، کورونا پابندیوں میں نرمی سے مثبت آغاز، 622 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے اعلان سے نئے کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز ہوا ، کے ایس ای 100 انڈیکس 622 پوائنٹس بڑھ گیا، 68.64 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ،سرمایہ کاری مالیت 68 ارب 7کروڑ 40لاکھ روپے بڑھ گئی ،کاروباری حجم میں بھی 78.08 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق عید کی طویل چھٹیوں کے بعد نئے ہفتے کے پہلے دن این سی او سی کی جانب سے کورونا پابندیوں میں نرمی کی خبروں سے پیر کو کاروبار کے آغاز پرہی مثبت رحجان دیکھا گیا ، معاشی سر گرمیاں بحال ہو تے ہی مالیاتی اداروں کے ساتھ سرمایہ کار بھی سر گرم نظر آئے اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 45806 پوائنٹس تک پہنچ گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 621.64پوائنٹس کے اضافے سے 45796.31 پوائنٹس پر آکر بند ہوا ،تیزی کے سبب کے ایس ای 30انڈیکس بھی 261.96 پوائنٹس کے اضافے سے 18731.83 پوائنٹس پر آگیا اور آل شیئرز انڈیکس 266.48پوائنٹس کے اضافے سے 30741.96 پوائنٹس ہو گیا ،تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 68 ارب 7کروڑ 40لاکھ 72 ہزار روپے کے اضافے سے 7867 ارب 85 کروڑ 83لاکھ 94ہزار روپے ہو گئی ،مارکیٹ میں 405 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ،278 کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ، 105 کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 22 کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،پیر کو مارکیٹ میں کاروباری حجم 19کروڑ 18لاکھ 6ہزار شیئرز کے اضافے سے 43 کروڑ 74 لاکھ 49ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا ، مارکیٹ میں سب سے زیادہ شیئرز کی خرید وفروخت ورلڈ کال، کے۔الیکٹرک ، غنی گلوبل ، ٹیلی کارڈ اور یونٹی فوڈ کے شیئرز کی ہوئی ، سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ وائتھ پاکستان اور فلپ مورس کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو 83.34 روپے اور 55.82 روپے فی شیئرز تھا دوسری جانب سب سے زیادہ کمی سفائر ٹیکسٹائل اور سفائر فائبر کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو 68.00 روپے اور 67.42 روپے فی شیئرز تھی۔

تازہ ترین