ممبئی / کراچی (نیوز ڈیسک) سمندری طوفان ’تاوتے‘ شدید ترین سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جس سے سمندر بپھر گیا ، طوفان بھارتی ریاست گجرات سے ٹکراگیا ہے ، گجرات کے ساحل پر 10فٹ اونچی لہریں اُٹھ رہی ہیں اور شدید ترین بارشوں کےساتھ تیز و تند ہوائیں بھی چل رہی ہیں ، گلیاں دریا بن گئیں جبکہ لاکھوں افراد نے نقل مکانی کرلی ہے ، مہاراشٹرا، کرناٹکا،کیرالہ اور گوا میں ہائی الرٹ ہے جبکہ ممبئی میں مئی کے مہینے میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں ۔ طوفان کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 8؍ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’تاوتے‘ شدید ترین سمندری طوفان میں بدل گیا اور بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرا گیا۔ سمندری طوفان ٹکرانے کے باعث بھارتی گجرات میں شدید بارش اور تندوتیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ شدیدبارشوں کے باعث بھارتی گجرات میں گلیاں دریا بن گئیں جبکہ سمندری طوفان کے باعث بھارتی گجرات کے ساحل پر 10فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات کےساحل پرطوفاں کےباعث ہواوں کی رفتار 133کلومیٹرفی گھنٹہ ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گجرات سے طوفان ٹکرانے کی کیفیت مزید دو گھنٹے جاری رہ سکتی ہے۔ مہاراشٹرا، کرناٹکا، کیرالہ اور گوا میں ہائی الرٹ ہے جبکہ ساحلی پٹی سے ڈیڑھ لاکھ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ گجرات کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ بھارتی حکومت نے ہنگامی حالات کیلئے بھارتی فضائیہ اور بحریہ کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے ۔ مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد آٹھ ہوگئی، ممبئی میں بھی سمنددر بپھر گیا،ساحل پر پولیس نے ناکے لگادیے،طوفانی ہواؤں نے درخت جڑوں سمیت اکھاڑ پھینکے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفانی ہواؤں کی رفتار 114؍ کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی،طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ممبئی کا ایئرپورٹ بند کردیا گیا۔