• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیاری ڈیجیٹل خدمات کی دستیابی کیلئے کوشاں ہیں، چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ)عامر عظیم باجوہ نے اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ معیاری ڈیجیٹل خدمات کی دستیابی کیلئے کوشاں ہیں،ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن سوسائٹی (ڈبلیو ٹی آئی ایس ڈی) ڈے 17 مئی کو منایا جاتاہے اور اس سال کا مرکزی خیال ʼʼمشکل صورتحال میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عملʼʼ دنیا اور پاکستان کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے معاشی نمو میں اضافہ، عدم مساوات میں کمی اور مالی شمولیت کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔اس سال کے مرکزی خیال کے حوالے سے مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پی ٹی اے کرونا وائرس کے دوران مختلف شعبوں میں معیاری ڈیجیٹل خدمات کی دستیابی کے حوالے سے ٹیلی کام شعبے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ پی ٹی اے جدید دور کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے ذریعہ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی دینے کے حکومتی ہدف پورا کر نے لئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا دنیا بھر کے ریگولیٹرز اپنے ریگولیٹری امور پر نظر ثانی کر رہے ہیں تاکہ بین الاقوامی ٹیلی کمیونٹیوں اور صحت کی تنظیموں کی معاونت سے محفوظ، قابل اعتماد، تیز رفتار، سستی اور جدید ٹیلی کام خدمات کو یقینی بنائیں۔اس مقصد کے لئے، پی ٹی اے ملک کے ہر گوشے تک براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی اور اس کے معیار پر زور دے رہا ہے۔ پاکستان میں اب 100 ملین سے زائد براڈ بینڈ صارفین اور 85 فیصد ٹیلی ڈینسٹی ہے، 181 ملین سے زیادہ موبائل فون صارفین اور 2.4 ملین فکسڈ لائن صارفین ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں 88فیصد پاکستانیوں کو سستی ترین انٹرنیٹ / براڈ بینڈ خدمات تک رسائی حاصل ہے۔

تازہ ترین