اسلام آباد (اے پی پی، این این آئی) وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے معاملے میں کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی عدالت عظمی میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔ منگل کو عدالت عظمی میں دائر متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کو جلد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف 17 مئی 2021 ء کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی ۔ عدالت عظمی میں حکومت کی جانب سے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کا نام پرویثزنل نیشنل آئیڈنٹفکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل) میں تھا،شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سمیت دیگر مقدمات میں انکوائریاں چل رہیں، شہباز شریف نے چھ مئی کو لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک جانے کیلئے درخواست دائر کی ،شہباز شریف کیخلاف کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام سے نہ کوئی جواب مانگا اور نہ ہی کوئی رپورٹ طلب کی،لاہورہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیے بغیر سات مئی کو فیصلہ سنا دیا۔