• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب نے عمران خان حکومت کے 5 میگا اسکینڈلز گنوادیے


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے 5 میگا اسکینڈل گنوادیے۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں، اُن کا کوئی ایک اسکینڈل بتادیں۔ ویسے تو ایک درجن اسکینڈل ہیں پر ہم 5 گنوادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ایک درجن اسکینڈلز میں پہلا اسکینڈل چینی اور چینی مافیا کا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ عمران خان حکومت کا دوسرا اسکینڈل گندم بحران ہے اور تیسرا ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا چوتھا اسکینڈل پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور پانچواں ایل این جی اسکینڈل ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ معاملے پر بھی پاکستان کے عوام کو اربوں روپے کا ٹیکا لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کا روٹ تبدیل کرکے ہاؤسنگ سوسائٹیز کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے صحیح کہا تھا کہ سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں، وہ دراصل کہنا چاہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کے سائے تلے سب چور اکٹھے ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ماضی کی حکومت کے ایک منصوبے کا افتتاح کیا اوروزیر اعظم پھر بولے کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون نے کہاکہ پاکستان کی نااہل ترین حکومت کا صرف ترین نکلا ہے تو یہ گھبرا گئے ہیں، جہانگیر ترین کے پارلیمانی گروپ کے باعث یہ دباؤ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پارلیمانی گروپ آنے پر سوالیہ نشان ہے کہ کیا وزیراعظم عمران خان کے پاس اسمبلی میں اکثریت ہے؟

تازہ ترین