• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی شخص آج شہزاد اکبر سے محفوظ نہیں، راجا ریاض


تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر پر کھل کر لفظی گولہ باری کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران راجا ریاض نے شہزاد اکبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چیز کررہے ہیں، ہر چیز میں اُن کی کارکردگی اور کام نتیجہ صفر بٹا صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی شخص آج شہزاد اکبر سے محفوظ نہیں، آج تک پتا نہیں چلا یہ کہاں سے کیوں اور کیسے آئے؟ یہی ہیں جو سب کچھ کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر نے اب تک جتنے کیس بنائے، چاہے وہ ن لیگ یا ق لیگ یا پی ٹی آئی کے خلاف تھے، وہ سب جھوٹے ثابت ہورہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کے بنائے گئے کیسز واپس ہورہے ہیں، ان میں ملزمان کی ضمانتیں ہورہی ہیں۔

راجا ریاض نے کہا کہ میں شہزاد اکبر سے کہوں گا کہ انہوں نے اگر کچھ کرنا ہے، تو اگلا بندہ ایسا پکڑیں، جس سے کچھ برآمد ہوجائے۔

انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر جو کررہے ہیں، چاہے وہ ن لیگ ، ق لیگ یا پی ٹی آئی کے خلاف ہے، اس میں سازش ہے، ہم کہیں گے کہ وزیراعظم سازشی لوگوں سے بچیں، یہ غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اب یہ حدیبیہ پیپر مل کیس اٹھاکر لائے ہیں، اس میں بھی انہیں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ عمران خان نے بڑی محنت سے پی ٹی آئی بنائی ہے، شہزاد اکبر اس کا جو حال کررہے ہیں، خدا کے لیے رحم کریں۔

راجا ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین پر ایف آئی آرز اسلام آباد سے بناکر بھیجی گئیں، پنجاب حکومت نے ترین گروپ کے ایم پی ایز کے خلاف کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کےایم پی ایز نے کہا ہمیں گروپ کا اعلان کرناچاہیے، ہمارے خلاف پنجاب حکومت نے انتقامی کارروائی شروع کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھاکہ وفاق میں ہمیں پارلیمانی لیڈر کی ضرورت نہیں، سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے میٹنگ میں کہا تھا وفاق یا صوبائی حکومت سے کسی قسم کی ناانصانی نہیں ہوگی، عمران خان نے کہا کہ گروپ بنانا کوئی ایسی بات نہیں، آپ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔

راجا ریاض نے کہا کہ ہمیں وفاق سے کوئی شکایت نہیں وزیراعظم نے وفاق کی حد تک وعدہ پورا کیا، عمران خان نہ سازشی اور نہ ہی انتقامی کارروائی کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم شریف لوگ ہیں ہمیں اگر اس طرح نشانہ بنایا جائے تو ہم کیا کریں؟ دراصل کچھ لوگوں نے عمران خان کے اردگرد جال بن لیا، یہ مختلف لوگوں کونشانہ بنارہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ والے بھی کہتےہیں رنگ روڈ کا سارا کیس شہزاد اکبر نے لکھا ہے، اس اسکینڈل میں زلفی بخاری، غلام سرور سمیت دیگر سیاستدانوں کا نام آرہا ہے۔

تازہ ترین