راچڈیل (ہارون مرزا)ہائیکورٹ سے ضمانتیں ملنے کے بعد بھی اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا نام ایگزسٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا حکومت کی انتقامی کاروائیوں کا تسلسل ہے۔ موجودہ حکومت سے جب سے برسر اقتدار آئی ہے مسلم لیگ ن کے قائدین کے خلاف انتقامی کاروائیاں جاری ہیں۔ کبھی نام نہاد اور جعلی ریفرنسز ‘ کبھی مقدمات بنا کر اپوزیشن رہنمائوں کو جیلوں میں بند کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ کے معروف سیاسی و سماجی رہنماطارق مجید نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیخلاف درخواست پر حکومت سے جواب طلبی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میاں برادران ہمیشہ عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں حکومت آج تک ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکی مگر میاں برادران کیساتھ دشمنی میں حکمران اس قدر اندھے ہوچکے ہیں کہ انہیں ملک میں ہوشربا مہنگائی‘ بیروزگاری ‘ لاقانونیت اور چیخ و پکار کرتے ہوئے عوام دکھائی نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکمرانوں نے آخری ہچکیاں لیتی ہوئی ملکی معیشت کو سنبھالا دینے ‘ بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ نیب جیسے قومی اداروں کو ا پنےمفادات کیلئے استعمال کر کے ملکی وسائل کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال کیا جائے۔