• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی عوام کی فتح ہے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس-70 بدین کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر کہا ہے کہ پی پی پی امیدوار کی کامیابی ضلع بدین کے عوام کی فتح ہے۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ماتلی کی عوام نے دھاندلی کو ناکام بنایا، سلیکٹڈ اور نام نہاد انقلابی کو بھی مسترد کردیا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کو ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست مِل رہی ہے، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی اور اس کے حواری ضمانتیں ضبط کروا چکے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال سلیکٹڈ حکمرانوں کے لیے آئینہ ہے، جو سمجھتے ہیں ان کا کام فقط تقریریں کرنا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب! نوشتہ دیوار پڑھو اور گھر جاؤ، ماتلی کی عوام نے محمد ہالیپوتہ کو بڑی اکثریت سے جتوا کر اس کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کی لڑائی لڑ رہی ہے، عوام کی خدمت ہماری سیاست کی روح ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی مسائل کے حل لیے دن رات کام کر رہے ہیں، ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزم و حوصلے کے ساتھ عوام دشمنوں کا مقابلا کرنے پر ضلع بدین کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو شاباش دیتا ہوں۔

تازہ ترین