لندن (این ین آئی) برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے سینئر سفارت کاروں نے کہا ہے کہ ایران سے جوہری مذاکرات میں کامیابی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی،سمجھوتے کی بحالی میں آئی اے ای اے کی ایرانی تنصیبات تک رسائی ناگزیر ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انھوں نے کہ ایران سے جوہری مذاکرات میں ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے لیکن ان میں کامیابی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کیونکہ ابھی بہت سے اختلافی امورطے ہونا باقی ہیں۔ان سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ ایران کی اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کیلئے ویانا میں قائم جوہری توانائی کے عالمی ادارےسے مفاہمت ناگریز ہے تاکہ اس ادارے کے معائنہ کار ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کرسکیں۔ اس ضمن میں ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان پہلے سے طے شدہ مفاہمت کی مدت ختم ہونے کو ہے۔ سفارت کاروں نے کہا کہ مشترکہ جامع لائحہ عمل (جوہری سمجھوتے) کی بحالی کے ضمن میں آئی اے ای اے کی ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی ناگزیر ہے کیونکہ اس کے بغیر کسی بھی ڈیل پر عمل درآمد ناممکن ہو گا۔