وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جن ممالک نے پچھلے دنوں اسرائیل سے تعلقات میں نرمی اختیار کی ہے، وہ ممالک بھی کردار ادا کریں گے۔
اقوام متحدہ میں خطاب کے بعد جیونیوز کو خصوصی انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل سے متعلق نرمی اختیار کرنے والے ممالک بھی موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، عوام کے جذبات سے لاتعلق نہیں رہا جاسکتا۔
قبل ازیں جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ غرور اور تکبر سے بھرے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے، مقبوضہ علاقوں کو خالی کروایا جائے اورغزہ میں امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنائی جائے ۔