• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیبلشمنٹ ہماری ہم اسکے‘ن لیگ کی صلح ہوگئی تو ہم سے بھی کرلے، شیخ رشید

لاہور(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں،وہ بحرانوں سمیت تمام مسائل سے سرخرو ہوکر نکلیں گے‘ تمام ادارے‘ عمران خان اورحکومت ایک پیج پر ہیں‘اگر مسلم لیگ (ن) والوں کی صلح ہو گئی ہے تواچھی بات ہے‘ ہمارے ساتھ بھی صلح کرو۔ 

اسٹیبلشمنٹ ہماری اور ہم اسٹیبلشمنٹ کے ہیں‘ حدیبیہ پیپر ملز کیس دو سے تین ہفتے میں دائر کردیا جائے گا،جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا،کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی ، پارٹیوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں جن کو ہمیں دور کرنا چاہئے ‘اپوزیشن وزیر اعظم کونہیں پکڑ سکتی، وہ جمعرات کوایف آئی اے ریجنل آفس کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں آیا ہے جس پر وہ 15یوم میں اپیل کرسکتے ہیں یا خود بھی وزارت داخلہ میں پیش ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں پانچ لوگ مفرور ہیں جبکہ 14ملزمان میں سے 4سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا بھر میں اپوزیشن لیڈر اپنے وطن آتے ہیں لیکن یہ یہاں سے بھاگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے موت کے تختے پر بھی لٹکنا پڑے ملک سے نہیں بھاگوں گا ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز خود کہتی ہیں کہ انہیں بورڈنگ کارڈ بھی مل جائے تو وہ نہیں جائیں گی،نواز شریف کے کیس میں زبردست پلان اور میڈیکل رپورٹ تھی اور میڈیا کو آرگنائز کیا گیا اس وقت میں بھی ان 14وزرا میں شامل تھا جو ان کے باہر بھیجنے میں حق میں تھے۔

تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ سے اس حوالے سے کمیٹی کی آئندہ اجلاس میں منظوری ہوجائیگی جس کے بعد وہ قانون کے تحت کمیٹی میں پیش ہوسکتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ شوگر اور منی لانڈرنگ کو معاون خصوصی شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں اور انہیں یہ اسائنمنٹ وزیر اعظم نے دی ہے۔

ن لیگ میں اس وقت دو پارٹیاں ہیں جن میں سے ایک شہباز شریف کی پارٹی ہےاور دوسری نواز شریف اور مریم نواز کی پارٹی ہے جس نے ان کو یہاں تک پہنچایا ہے اور مزید تباہی کی طرف لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں۔ پی ڈی ایم کہا ں گئی سب ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی،میری سب سے زیادہ ہمدردی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہے، انہیں اب بھی کہوں گا کہ آئیں ان کو اکیس توپوں کی سلامی دیں گے۔

تازہ ترین