• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی اعداد و شمار، متضاد دعوے، مڈل کلاس ختم، ترقی کا حکومتی دعویٰ جھوٹا شہباز شریف


کراچی، لاہور، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)معاشی اعداد و شمار پر حکومت اور اپوزیشن کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 3.9 فیصد ترقی کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

حکومت مڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے ،عمران خان معاشی نظام اپنے دوستوں کو نفع پہنچانے کیلئے چلارہے ہیں،پی ٹی آئی حکومت نے 50لاکھ لوگوں کو بیروزگار ،2کروڑ کو بدترین غربت میں دھکیل دیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت جھوٹے دعوے پر شرم کرے اسکا کوئی مستقبل نہیں، حکومت معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے پر شرم کرے، عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔

پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ قرض کی رپورٹ میں اہم اعدادوشمار ظاہر نہیں کیے گئے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکام پر دباؤ ڈال کر ترقی 4 فیصد دکھائی گئی، سابق گورنر محمد زبیر نے کہا کہ گزشتہ سال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 33 فیصد کم ہوئی،جبکہ ن لیگی رہنما مصدیق ملک کا کہنا ہے کہ 14 ہزار ارب کا بڑھا قرضہ جھوٹی رپورٹ جاری کرنے سےختم نہیں ہوگا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے شرح ترقی 5.8 فیصد پر چھوڑی تھی اور عمران خان محض 3.9فیصد شرح ترقی دکھا رہے ہیں، اندازہ لگائیں، ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے۔ 

انہوں نے ٹویٹر پر لکھا یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے کہ یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے پہلے سال میں اصل 1.9 فیصد کے عدد کو بڑھا چڑھا کر 3.3فیصد دکھایاتھا۔ اس سال بھی انہوں نے جھوٹ بولا۔

شہباز شریف نے کہا پی ٹی آئی نے منفی 0.4فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3فیصد کمی آئی۔ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں۔

تازہ ترین