• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی فرد یا شخصیت کو این آر او نہیں دیا جائے گا، پی ٹی آئی کور کمیٹی اعلامیہ


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی فرد یا شخصیت کو این آر او نہیں دیا جائے گا، چاہے اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، پارٹی کے بنیادی اصولوں کی آبیاری کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی، اصولوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ ہو۔

کور کمیٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مافیاز کے خلاف نبردآزما ہے، تحریک انصاف کے قیام کا مقصد قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی تھا، تحریک انصاف کی حکومت ان مقاصد کے حصول کے لیے ہر حد تک جائے گی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، کور کمیٹی نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزیر اعظم کے موقف کو سراہا۔

 اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کی اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی کوششوں کو سراہا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نظریے کے بغیر قومیں مرجاتی ہیں، پوری پارٹی اور تمام ممبران کو تحریک انصاف کے نظریے پر اکٹھے رہنا چاہیے، میرٹ اور ٹرانسپیرنسی تحریک انصاف کا بنیادی جزو ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں کے نتیجے میں زرعی شعبے میں انقلاب برپا اور کسان خوشحال ہوا ہے،  کورونا وباء کے باوجود حکومتی پالیسیوں کی بدولت معیشت کا پہیہ چلتا رہا، معیشیت میں واضح استحکام نظر آیا ہے۔

کور کمیٹی نے معاشی کامیابیوں پر وزیراعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

تازہ ترین