اسلام آباد(اے پی پی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت ٹیک آف کرچکی‘ ترقی کی شرح آئندہ دو سالوں میں مزید بڑھے گی، اپوزیشن کی سیاسی دکان بند ہوچکی، اسے ڈر ہے کہ عمران خان اگلے دو سال میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا‘اپوزیشن کی معاشی ترقی پر تنقید کا مقصد ملک میں محض سیاسی انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا اور نامساعد بین الاقوامی معاشی حالات کے باوجود پاکستانی معیشت کا 4 فیصد گروتھ ریٹ وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی معاشی ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کا مظہرہے۔ تمام معاشی اشاریے مثبت ہونے کا مطلب ہے کہ پاکستانی معیشت اب’’ٹیک آف “کرچکی۔ انہوں نے کہا کہ آیندہ بجٹ میں غریب طبقے بالخصوص تنخواہ دار اور سفید پوش طبقے کے لئے مراعات رکھی جائینگی۔