حال ہی میں ماہرین نے ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو قیمتی فصلوں پر اُگنے والی خود روجھاڑیاں کو اکھا ڑ پھینکتا ہے ۔یہ جھاڑیاں فصلوں کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں ۔اور انہیں دستی طور پر تلاش کرکے صاف کرنا بہت مشکل اور وقت طلب کام ہے ۔کاربن روبوٹکس نامی کمپنی نے یہ خود کار مشین بنائی ہے جو بلند معیاری کمپیوٹر وژن اور طاقتور لیزر کی مدد سے فصلوں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ایک گھنٹے میں ہزاروں سے ایک لاکھ تک جھاڑیاں صاف کرسکتا ہے ۔
کھیت کی فالتو بوٹیوں اور گھاس پھوس کو دستی طور پر اکھاڑنا محال ہوتا ہے جب کہ دواؤں کی بدولت تلف کرنے سے اصل اناج کو نقصان ہوتا ہے اور خرچ بڑھ جاتا ہے۔چار پہیوں والا یہ روبوٹس جی پی ایس، کمپیوٹر وژن اور لیزر کی مدد سے کام کرتا ہے۔ اس میں اعلیٰ معیار کے کیمرے لگے ہیں اور کلاؤڈ سپر کمپیوٹر کی مدد سے تصاویر میں سے مضر بوٹیوں کو پہچانا جاتا ہے۔
اس کے بعد روبوٹ پر 150 واٹ فی کس کی آٹھ مشینیں لگی ہیں جو ایک گھنٹے میں ایک لاکھ جڑی بوٹیوں کو بھسم کردیتی ہیں۔یہ روبوٹ 24 گھنٹے ڈیزل پر کام کرسکتا ہے اور ایک دن میں 15 سے 20 ایکڑ زمین صاف کرسکتا ہے۔ یہ اپنی ٹیکنالوجی کی بدولت اطراف کی قیمتی مٹی خراب نہیں کرتا اور اس کی خرد حیاتیات کا بھی خیال رکھتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرتا ہے۔