• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی چھپائی جا رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری


چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کے لیے پرانی مردم شماری کا استعمال کیا، وزیراعظم صاحب، مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں سے معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج حکومت کا ایک ہزار 11واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کیے، ایک کو بھی پورا نہ کرسکے، عمران خان عوام کے سامنے سرنڈر کر کے جھوٹے دعوے پر معافی مانگیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ملک کی غذائی اجناس کی درآمدی بل میں53 فیصد کا اضافہ معاشی کارکردگی پر طمانچہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

تازہ ترین