• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار نے حلقے کے عوام کے 3 سال ضائع کیے، فردوس عاشق اعوان


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چودھری نثار صاحب نے اپنے حلقے کے عوام کے 3 سال ضائع کیے، وہ ن لیگ میں گروپ بناسکتے ہیں، پی ٹی آئی کو چودھری نثار سے کوئی مسئلہ نہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک اور وعدے کی تکمیل کیلئے آپ کے پاس آئی ہوں، کورونا وائرس ویکسینیشن صحافی برادری تک پہنچائی جائے گی، گوجرانوالہ، لاہور اور اب راولپنڈی پریس کلب کے صحافی ویکسین  لگوا سکیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معیشت پر برا وقت آیا تو میڈیا ہاؤسز پر بھی برے اثرات مرتب ہوئے، اب معیشت کا پہیہ چلنے لگا ہے، اب زراعت کی ترقی بھی ریکارڈ سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کی گندم کی پیداوار میں 8.1 فیصد اضافہ جبکہ گنے کی پیدوار میں 22 فیصد اضافہ ہوا، زراعت کی پیداوار میں اضافے سے چھوٹا کسان بھی خوشحال ہوا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس حکومت نے وعدہ کیا کہ آپ کا حق آپ کی دہلیز تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب آج نارووال میں 5 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین