• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں، زرمبادلہ سے پاکستان کو فائدہ ہوتا ہے، اسد قیصر

  لزبن(سرفراز فرانسس) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پرتگال میں مقیم تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں، تمام متعلقہ اداروں کو پرتگال کے ساتھ تجارت ، ثقافت اور تعلیم کے شعبے میں تعلقات استوار کرنے کا کہہ دیا گیا ہے‘پرتگال میں ایک ملین پاکستانیوں کی گنجائش موجود ہے، آپ کی جانب سے بھیجے جانے والے زرمبادلہ سے پاکستان کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرتگال میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران کیا ۔ا سپیکر نے کہا کہ میں اپنے پرتگال میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھائیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سمندر پار پاکستانی دن رات محنت کر کے زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ تارکین وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ گزشتہ  برسوں میں پرتگال میں مقیم تحریک انصاف کے کارکنان کی پاکستان کمیونٹی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں، زوم میٹنگ میں پاکستان اوورسیز گلوبل کمیونٹی کے صدر غضنفر جاوید ، پاک پرتگال اتحاد کمیونٹی کے سرپرست اعلیٰ راجہ زاہد اقبال ، صدر شیخ عمر ، پریس کلب پرتگال کے صدر ضیا سید ، جنرل سیکرٹری سرفراز فرانسس ، حاجی تبسم ، ملک شاہد ، مبشر حبیب اور دیگر کمیونٹی رہنماوں نے بھی شرکت کی ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رحم دین اور نور حیات کے ہمراہ کمیونٹی کے ممبران اور رہنماؤں نے جو مسائل اجاگر کیے ہیں ان کے حل کے لیے حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں ۔مسئلہ کشمیر کو پرتگال کی پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر اجاگر کیا گیا ۔ برما اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی آواز بلند کی گئی ہے۔ پرتگال میں مقیم تارکین وطن کی خدمات قابل ستائش ہیں،اسد قیصر نے کہا کہ مجھے پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اقدامات کیے ہیں انہیں ووٹ کا حق دینا اہم قدم ہے۔ آن لائن روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستانی اوور سیز سرمایہ کاری بھی کرسکتے ہیں اور انہیں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے اپنے عزیزوں کے لیے گاڑیاں خریدنے کی سہولت بھی مہیا کی گئ ہے۔ وزیراعظم پورٹل برائے اوور سیز کا قیام حکومت کا اہم اقدام ہے، اس کے ذریعےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جو مشکلات بھی پیش آئیں اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قانون پاس کریں گے کہ کوئی بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمین اور پلاٹ پر قبضہ نہیں کر سکے گا ۔ حکومت کا سب سے اہم مقصد اوورسیز پاکستانی کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق دینا ہے۔حکومت پاکستان جلد ہی پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوہری شہریت کا نوٹی فکیشن جاری کر رہی ہے۔ اس موقع پر کمیونٹی ممبران نے پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی بیان کئے اور پاکستان سفارتخانہ کے کارکردگی اور کمیونٹی کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔
تازہ ترین