• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹرین کے دورہ غزہ کا معاملہ ایوان میں اٹھاؤں گا، اسد قیصر


کراچی (ٹی وی رپورٹ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم پر او آئی سی کو عالمی عدالت انصاف میں جاناچاہئے، اقوام متحدہ او آئی سی فوری طور پر اجلاس کر کے غزہ میں تباہی کا تخمینہ لگا کر بحالی کیلئے مکمل منصوبہ بنائے، اراکین پارلیمنٹ کے دورئہ غزہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا، اراکین پارلیمنٹ کو غزہ جانے کا موقع ملا تو ضرور جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ کے خصوصی نشریہ میں اہل فلسطین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے خصوصی نشریہ میں ملک بھر میں اہل فلسطین کے حق میں نکالے جانے والے مختلف جلسوں اور ریلیوں میں شریک عوام اور سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کی گئی۔میزبان حامدمیر سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہجہاد کا اعلان کوئی فرد یا تنظیم نہیں کرے گی یہ کام حکومتوں کا ہے مسلمان پر ظلم ہو اور وہ آپ کو پکارے تو ہمیں لبیک کہنا ہے، غزہ کے قریب واقع مسلم ممالک پر فلسطینی عوام کی مدد کرنا لازم اور واجب ہے، فلسطینیوں کی پکار پر لبیک کہنا ہمارا فرض ہے، مسئلہ کشمیر ہو یا مسئلہ فلسطین دونوں کے حل کیلئے جہاد کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، جہاد کا اعلان حکومت اور ریاست کرے گی، کوئی پرائیویٹ جہاد نہیں ہے، جہاد کا اعلان کوئی فرد یا تنظیم نہیں کرے گی یہ کام حکومتوں کا ہے۔

تازہ ترین