ملتان(سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب کی ثقافت و تہذیب کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے عملی اقدامات کا آغاز کردیا۔ ملتان میں میوزیم کی تعمیر کیلئے 80 ملین روپے کی سکیم منظور کرلی گئی جبکہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے میوزیم کی تعمیر کیلئے قلعہ کہنہ قاسم باغ سے ملحقہ 10 کنال کی اراضی بھی مختص کردی گئی۔اس سلسلے میں سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے ملتان کی اہمیت مزید بڑھ گئی حکومت نے اپنے ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں نوادرات کے ڈسپلے اور ثقافت کی ترویج کیلئے کوئی میوزیم نہیں ہے۔ سیکرٹری ٹورازم نے میوزیم کی تعمیر تک دوران کھدائی ملنے والے نوادرات کے ڈسپلے کیلئے ملتان میں جگہ بھی طلب کی جس پر کمشنر ملتان ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود نے دمدمہ کا پہلا فلور نوادرات کیلئے میوزیم کے طور پر مختص کردیا۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ محکمہ سیاحت و آرکیالوجی کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ بعدازاں سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے دمدمہ، قلعہ کہنہ قاسم کا بھی دورہ کیا۔