مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہبازشریف نے اپوزیشن کو مل کر حکومت کی نااہلی اور نالائقی بے نقاب کرنے کا کہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے عیشایئے سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہبازشریف نے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کو عشائیہ دیا تھا، اپوزیشن لیڈر کے عشائیے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔
عشائیے میں پیپلزپارٹی، اے این پی، جے یو آئی کے مرکزی رہنما، محسن داوڑ، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، جمعیت اہلحدیث، پی کے میپ اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عشائیے میں شہبازشریف نے اپوزیشن کو متحد ہو کر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا، عشائیے میں پی ڈی ایم سے متعلق امور زیر غور نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم سے متعلق کوئی پیشکش یا تجویز نہیں دی گئی، شہبازشریف نے اپوزیشن کو غلط معاشی اعداد و شمار پیش کرنے پر مشترکا ردعمل اختیار کرنے کے لیے کہا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف نے عیشایئے کے دوران کہا ہے کہ عوام اور ملک کے مفادات کی حقیقی ترجمانی اپوزیشن کا فرض ہے۔