پاکستانی اداکار عمران عباس اور اُشنا شاہ نے یوٹیوبرز کی جانب سے کروائی گئی اپنی شادی کے اسکینڈل کو مزید مذاق بنادیا۔
گزشتہ روز سے عمران عباس اور اُشنا شاہ اپنی جھوٹی شادی کی خبر پر مذاق کررہے ہیں ایسے میں اُشنا شاہ نے مزید اس کو نیا رنگ دے دیا۔
اُشنا شاہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ دلہن بنے روتی دکھائی دیتی ہیں، اور کہتی ہیں کہ ’عمران یہ میرے ساتھ کیسے کرسکتے ہیں کیا وہ مجھے چھوڑ کر چلے گئے۔‘
اداکارہ نے کسی سیٹ پر یہ مختصر سین ریکارڈ کر کے عمران عباس کے لیے لکھا کہ شاید یہ ہماری کہانی کا اختتام ہو، عمران عباس تم میرے ساتھ ایسا کیسے کرسکتے ہو۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ لوگوں اب آپ سے کسی دوسرے اسکینڈل میں ملتے ہیں۔
اس مختصر ویڈیو اور حسِ مزاح کے استعمال پر عمران عباس بھی تبصرہ کیے بغیر نہ رہ سکے اور ردعمل میں قہقہہ لگاتے ہوئے لکھا کہ آپ نے مجھے شدید ہنسنے پر مجبور کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ اُشنا شاہ نے یوٹیوب کی ایک ویڈیو کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری کی زینت بنایا جس میں عمران عباس اور اُشنا کی ایک فوٹوشاپ تصویر کے ساتھ کہنا تھا کہ اُشنا شاہ اور عمران عباس نے شادی کرلی ہے۔
اُشنا شاہ نے اسکرین شاٹ پر عمران عباس کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مبارک ہو آپ کو بہت بہت۔‘
اُشنا شاہ کی اسٹوری کے جواب میں عمران عباس نے لکھا کہ ’اور اُشنا ہم شادی کی اتنی جلدی میں تھے کہ ایک دوسرے کو بتانا ہی بھول گئے۔‘
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے، اس سے قبل بھی عمران عباس اپنی شادی کی افواہوں پر ایسے ہی ردعمل دیتے آئے ہیں۔