جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے صحافی اسد علی طور پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صحافیوں سے معذرت خواہ ہیں کیونکہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملوں سے صحافیوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے صحافی اور بلاگر اسد طور پر گھر میں گھس کر بہیمانہ تشدد کیا۔
جیونیوز نے صحافی پر تشدد کے بعد ملزمان کے فرار کی سی سی ٹی وی وڈیو حاصل کرلی، وڈیو کے مطابق تین ملزمان کو اسد طور کے فلیٹ سے فرار ہوتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں اسد طور کو بھی بندھے ہوئے ہاتھ پیروں کے ساتھ زخمی حالت میں اپارٹمنٹ سے باہر نکلتے اور مدد کے لیے پکارتے بھی دیکھا گیا۔