• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصر، سعودی عرب و پاکستان کے مابین فلم پروڈکشن میں تعاون کی تجویز

پاکستان اور مصر کے درمیان ٹیلی ڈراموں کے تبادلوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے مصر ی سفیر طارق دہروگ نے ملاقات کی ہے۔

اس دوران وفاقی وزیر نے مصر، سعودی عرب اور پاکستان کے مابین فلم پروڈکشن میں تعاون کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ تعاون سے ثقافتی بندھن بلکہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

فواد چوہدری نے دوران گفتگو فیچر فلموں کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے پاک، مصر ورچوئل اجلاس کی تجویز دی۔

وفاقی وزیر نے پاکستان پروگراموں کی ڈبنگ کے لیے عربی ڈبنگ کی سہولت کی خواہش کا اظہار کیا۔

دوران ملاقات پاکستان اور مصر کے درمیان ٹیلی ڈراموں کے تبادلوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی میں تعاون کے لئے پاک، مصر ایم او یو کے مسودہ کو حتمی شکل دے رہے ہیں، پاک، مصر تکنیکی ماہرین، فنکاروں کے دوروں کی راہ ہموار ہوگی۔

مصری سفیر سے گفتگو کے دوران میڈیا تعاون، ڈائریکٹر ہائی کونسل آف میڈیا مصر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے انتظام پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فلم، میڈیا، پرفارمنگ آرٹس میں تعلیم و تربیت کے لئے میڈیا یونیورسٹی کے قیام کےلئےاقدامات اٹھا رہے ہیں۔

مصری سفیر نے پاکستان، سعودی عرب اور مصر کے مابین مشترکہ منصوبے سے متعلق فواد چوہدری کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔

طارق وہروگ نے وفاقی وزیر کی طرف سے تجویز کردہ مشترکہ مذہبی پروگراموں کے تعاون پر بھی اتفاق کیا اور کہا کہ اس کے لئے مصر کے اسکالرز پہلے ہی پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

مصری سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹی وی اور ریڈیو تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین