• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے نہ کسی مشن پر آیا ہوں‘ شیخ رشید

سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے نہ کسی مشن پر آیا ہوں‘ شیخ رشید 


کراچی(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرے گی‘کراچی کسی مشن پر نہیں آیا‘صوبہ سندھ میں گورنر راج لگ رہاہے نہ آپریشن کرنے جا رہے ہیں‘ایسا ہیجان برپا ہے کہ جیسے کراچی جل رہا ہے، وزیر اعلٰی سندھ کے ساتھ مل کر سارے صوبے میں امن قائم کریں گے‘امن و امان کی صورتحال پر گورنر‘ وزیراعلی سندھ ، رینجرز حکام سے ملاقات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر بدھ کو کراچی پہنچنے کے بعد ائرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بعدازاں وزیر داخلہ سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ امن و امان کے حوالے سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر گئے جہاں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، امن و امان یقینی بنائیں گے‘ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرامن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سندھ آئے ہیں۔سندھ رینجرز کا کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کردار بہت قابل تعریف ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ وفاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کاکہناتھاکہ امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے‘ایسے دکھایا جا رہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے‘ شکارپورسے جیکب آبادتک خون کی ہولی دکھائی جا رہی ہے۔رینجرز اور ایف سے بات کر کے معاملات بہتر کریں گے اور اسی لیے صبح 10 بجے مل رہے ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان کا ہے ۔ امن و امان کے قیام کے لیے سارے سندھ کو صاف کریں گے اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نادرا میں چور بازاری ہے، کرپشن کے ڈھیر لگے ہیں، نئے چیئرمین کے ساتھ مل کر اس کا صفایا کریں گے، بوگس شناختی کارڈز جاری کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی‘گورنر سندھ اور حساس اداروں سے ملاقات صوبے میں امن و امان لانے کےلئے کی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی میں کوئی دوسرا گروپ نہیں، ٹی ایل پی اور رنگ روڈ پر کمیٹی بنا دی گئی ہے، جلد اچھی خبریں آئیں گی۔ کراچی سے منشیات کا خاتمہ کروں گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے صوبے کو ہرطرح کاتعاون فراہم کریں گے۔وزارت داخلہ نے عمران خان کے دور میں ایک بھی اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا ہے۔

تازہ ترین