• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کو اڈے دیے جارہے ہیں، پارلیمنٹ بے خبر ہے، احسن اقبال


سیکریٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کو اڈے دیے جارہے ہیں اور پاکستان کی پارلیمنٹ کو پتا نہیں۔

اسلام آباد میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ امریکی سینیٹ سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان کے اڈوں کا سودا ہورہا ہے، امریکا کو اڈے دیے جارہے ہیں اور پاکستان کی پارلیمنٹ کو پتا نہیں۔

ن لیگی سیکریٹری جنرل نے مزید کہاکہ پاکستان کو ترقی دینی ہے تو اُسے آئین کے مطابق چلانا ہوگا، یوم تکبیر کی جب بھی بات ہوگی نوازشریف کی بات ہوگی۔

اُن کا کہنا تھاکہ 14 اگست1947 کے بعد پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن 28 مئی 1998ہے، نواز شریف کا راستہ نہ روکا جاتا تو پاکستان 2030 تک جی ٹونٹی میں شامل ہوجاتا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ یوم تکبیر ہمارے لیے یوم خود مختاری اور یوم وقار بھی ہے، ایٹمی دھماکوں کے فیصلے نے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد بھٹو نے ایٹمی پروگرام کا آغاز کیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج بھارت کو یہ جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، نواز شریف نے پہلے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا پھر معیشت پر کام شروع کیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ نواز شریف سمجھتے تھے کہ معیشت مضبوط نہ ہوئی تو ایٹم بم بے سود ہے، معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے توانائی بحران حل کرنے کے لیے11 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے، ملک سے دہشت گردی کا صفایا کرنا بھی ایٹمی دھماکے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں الیکشن چرا کر پاکستان کا مہنگا ترین پروجیکٹ عمران خان لانچ کیا گیا، عمران خان کو لانے والے اپنی گاڑی تک ناتجربہ کار ڈرائیور کو نہیں دیتے۔

تازہ ترین