• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل ہمیں شہباز شریف کی بہتر رہنمائی حاصل ہوگی، فضل الرحمٰن


اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ کل کے اجلاس میں ہمیں شہباز شریف کی بہتر رہنمائی حاصل ہوگی۔

شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فضل الرحمٰن نے کہاکہ میری طبیعت کا معلوم کرنے شہباز شریف 2 روز قبل بھی آئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ جن مسائل کی طرف شہباز شریف نے اشارہ کیا پاکستان دو تین سالوں سے ان سے دوچار ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہاکہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں مرض تو آتے ہیں، لیکن علاج نہیں، جن کو قوم پر مسلط کیا گیا وہ نااہل ثابت ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ ہر ایک کو نظرثانی کرنی چاہیے جو سرزد ہوئی ہیں، بڑے بڑے ادارے قوم اور ملک کے لیے کام کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ حملے جگہ جگہ ہورہے ہیں، اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، دینی مدارس میں بھی نقب لگائی گئی، نئے بورڈز متعارف کرادیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جبراً کوشش کی جارہی ہے کہ مدارس کو ان بورڈز کی طرف لے جائیں، زبردستی ہم پر قوانین مسلط نہ کیے جائیں۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ بند کمروں کی سیاست ختم ہوچکی، بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ میں ڈبل جھوٹ بولا جائے گا۔

فضل الرحمٰن نے واضح طور پر کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے کل کے اجلاس میں ہمیں شہباز شریف کی بہتر رہنمائی حاصل ہوگی۔

تازہ ترین