کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی قومی معاملات پرحکومت سے گفتگو کی بات خوش آئندہے، ابھی پتا نہیں چل رہا کہ ن لیگ میں فیصلے کون کرتا ہے۔
شہباز شریف قومی ایشوز پر بات کرنا چاہیں تو حکومت تیار ہے، وزیراعظم آفس کو علی ظفر کی جہانگیر ترین سے متعلق رپورٹ یا فائنڈنگز موصول نہیں ہوئیں، آئی جی اسلام آباد سے دارالحکومت میں صحافیوں پر حملوں کی بریفنگ مانگ رہا ہوں۔
وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔
پروگرام میں ن لیگ کے رہنما مصدق ملک اور سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی بھی شریک تھے۔ مصدق ملک نے کہا کہ پارٹی میں موقف الگ ضرور ہوں گے مگر ہماری منزل ایک ہے،ن لیگ میں ہمیشہ مفاہمت اور مزاحمت دونوں موقف رہے ہیں۔
ایک نیا آرڈر چاہتے ہیں جس میں آئین و قانون کی بالادستی ہو، ہماری گفتگو اقتدار کیلئے نہیں نئے عمرانی اور سیاسی معاہدہ کیلئے ہوتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کبھی مدمقابل نہیں رہے، دونوں اپنی اپنی رائے کے ساتھ ایک راستے پر چلتے رہے ہیں۔