• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو چوروں نے نہیں چوکیداروں نے لوٹا: مصطفیٰ کمال


پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے تمام رہنماؤں کا بال بال کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، کراچی اور حیدر آباد کے لوگوں کو چوروں نے نہیں چوکیداروں نے لوٹا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی عروج پر ہے، پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس گھر کا چوکیدار بک جائے اس گھر کو لٹنے سے کوئی نہیں بچا سکتا، لوگوں سے کہتا ہوں رہزنوں کو پہچانیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں ایک دکان کو سیل کیا جا رہا ہے اور پوری مارکیٹ سے پیسہ لیا جا رہا ہے، اربابِ اختیار سے درخواست کرتا ہوں کہ کراچی کے حالات پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے علاقے محرمیوں سے دوچار ہیں، سندھ کے کوٹے میں سے کراچی کو ڈیڑھ فیصد پانی ملتا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا 40 فیصد کوٹہ ہے، شہری کوٹے پر بھی دیہی علاقوں سے لوگوں کو جعلی ڈومیسائل پر بھرتی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کی 20 گلیوں کو صاف کرائیں تاکہ سوئی گیس والے لائن کی لیکیج ٹھیک کر سکیں، ہر ادارہ کراچی کے لوگوں کی جیبوں سے پیسے نکالنے میں لگا ہوا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان کی حکومت چلانے کے لیے پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دی گئی، کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص اور سکھر کے لوگوں کو کوٹے کے تحت نوکریاں نہیں مل رہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے چکر میں چھوٹا موٹا کاروبار بھی بند کر دیا گیا ہے، اس صورتِ حال سے پولیس نے بہت پیسہ کمایا ہے۔

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہیں ہیں، لوگ مر رہے ہیں، پاکستان بنانے والوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں کوئی حکومت نام کی چیز نہیں ہے، لوڈ شیڈنگ دیکھ دیکھ کر ہمارے بال ہی سفید ہو گئے، مجھے نہیں لگتا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہو گا۔

تازہ ترین