بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے ایڈمنسٹریٹر شیخوپورہ کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا ہے ۔
درخواست گزار کے مطابق سپریم کورٹ کا بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات ختم ہوگئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ فیصلے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے پاس دکانوں کے کرایوں میں اضافے کا اختیار نہیں رہا۔
درخواست پر عدالت نے فریقین کو یکم جون کے لیےنوٹس جاری کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ مارچ میں سپریم کورٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ کا سیکشن 3 آئین کے آرٹیکل 140 اے کے خلاف قرار دیتے ہوئے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کر دیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرٹیکل 140 کے تحت قانون بنایا جاسکتا ہے لیکن اداروں کو ختم نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں دو سال قبل سابقہ بلدیاتی نظام تحلیل کردیا گیا تھا جس کے بعد تمام میٹرو پولیٹن کارپوریشنز اور یونین کونسلز ختم ہو گئی تھیں، نئے بلدیاتی نظام کے تحت ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیے گئے تھے۔