اسلام آباد (آئی این پی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ وفاقی وزراء پرویز رشید ‘ خواجہ سعد رفیق اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ میں ا سپیکر چیمبر میں ملاقات ہوئی جس میں پانامہ لیکس کے معاملے پر پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلے سے طے تھی جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میں ذاتی حیثیت سے اسپیکر اسمبلی سے ملنے آیا تھا ۔آگے اپوزیشن لیڈر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق ا سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں وفاقی وزرا کی اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے بیک ڈور ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پانامہ لیکس کے معاملے پر پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔