مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیرِ اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب 2018ء اور 2021ء کے معاشی اعداد و شمار کا موازنہ جاری کریں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق، جھوٹی اور کرپٹ حکومت تباہ شدہ معیشت پر فخریہ بیانات دیتی ہے، معیشت زمیں بوس کرنے کے بعد جھوٹ بولنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے اعداد و شمار کے باوجود نون لیگ کے معاشی اہداف تک آپ پہنچ نہیں پائے، نون لیگ نے 5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لے کر ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے، آپ نے 3 سال میں 15 ہزار ارب تاریخی قرض لے کر ایک نئی اینٹ نہیں لگائی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ رواں برس4500 ارب کا ہدف پورا نہیں ہو سکا، نون لیگ کی حکومت کے آخری سال میں ایف بی آر نے 3842 ارب جمع کیئے تھے۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ آیندہ سال کے لیے 5.8 کھرب کا ہدف رکھ کر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟