بات چیت :محمّد ہمایوں ظفر
(عکّاسی: اسرائیل انصاری)
مخصوص لب و لہجے کے مالک،مشہور و معر وف، ہردل عزیز اداکار، طلعت حسین ایک تربیت یافتہ، منجھے ہوئے اداکارفن کار کی حیثیت سے دُنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ اپنے مخصوص انداز و آواز سےشوبزنس کے تقریباً تمام ہی شعبوں میں خود کو منواچکے ہیں۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے بطور صداکار کیریئر کا آغاز کیااور پھر 1964ء میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے چند سال بعد ہی حصولِ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے، جہاں ’’لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ“ سے تربیت حاصل کی۔
دورانِ تعلیم ہی اسٹیج/تھیٹر پر اداکاری کے جوہر دکھانے کے علاوہ لندن کے نشریاتی ادارے بی بی سی سے بھی کچھ عرصہ منسلک رہے۔ لندن سے اداکاری کی تربیت لے کر پاکستان لوٹے، تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ڈراموں، اسٹیج شوز اور فلموں میں شان داراداکاری کے جوہر دکھانے کےعلاوہ بے شمار ڈاکیومنٹریزاور اشتہارات وغیرہ میں بھی کم و بیش پانچ دہائیوں تک اپنی شان دار دبنگ آواز کا جادو جگاتے رہے۔ اس دوران متعدّد ڈراموں،فلموں میں ڈائریکشن کے ساتھ ’’نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ“ (ناپا) سمیت دیگر یونی ورسٹیز میں درس و تدریس کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
یاد رہے، دنیا بھر میں اداکاری کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے طلعت حسین صرف مستند اداکار ہی نہیں، عمدہ افسانہ نگار اور شاعر بھی ہیں۔ انہوں نے متعدّد افسانے اور نثری نظمیں لکھیں۔علالت کے باعث کافی عرصے تک اسکرین سےدور رہے۔ تاہم، رواں برس حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں ستارئہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 1982ء میں بھی تمغہ ٔ حُسنِ کارکردگی، جب کہ ناروے میں بننے والی فلم ’’ایکسپورٹ امپورٹ“ میں بہترین معاون اداکاری پر ’’ایمنڈا ایوارڈ“ بھی حاصل کرچکے ہیں۔
واضح رہے امینڈا ایوارڈ ناروے میں آسکر کے برابر تسلیم کیا جاتا ہے۔ طلعت حسین نہ صرف اداکاری بلکہ ادب، فلسفے، مذہب، تصوّف، مصوّری اور سیاست سمیت ہر موضوع پر گھنٹوں سیر حاصل گفتگو کرسکتے ہیں۔ گزشتہ دنوں اس خوش گفتار و خوش آواز لیجنڈ، طلعت حسین سے جنگ، سنڈے میگزین کے لیے ایک خصوصی نشست ہوئی، جس کا احوال نذرِ قارئین ہے۔
س: خاندان، ابتدائی تعلیم و تربیت کے متعلق کچھ بتائیں؟ والدکیا کرتے تھے، بھائی بہنوں کی تعداد؟
ج:میرے والد، الطاف حسین وارثی کا تعلق بھارت کے شہر پٹیالہ، جب کہ والدہ، حیات النساء بیگم المعروف شائستہ بیگم کا میسور سے تھا۔ والدہ بہت ہی بارعب خاتون تھیں، لوگ اُن سے بات کرتے ہوئے ڈرتے تھے۔ پاکستان آنے کے کچھ عرصے بعد جب کراچی میں ریڈیو کا آغاز ہوا، توانہوں نے وہاں بحیثیت انائونسر ملازمت اختیار کی اور آخری دَم تک ریڈیو پاکستان ہی سے وابستہ رہیں۔ مَیں 18ستمبر 1945ء کو پٹیالہ میں پیدا ہوا۔
ہم تین بھائی ہیں، مَیں سب سے بڑا ہوں، مجھ سے چھوٹا بھائی، شجاعت حسین وارثی، قیامِ پاکستان سے قبل، اُس سے چھوٹا عظمت حسین وارثی پاکستان ہجرت کے بعد پیدا ہوا۔ شادی 1972ء میں اعلیٰ تعلیم یافتہ، پوزیشن ہولڈر اور سلجھی ہوئی طبیعت کی مالک، رخشندہ سے ہوئی۔ وہ پنجاب کے انتہائی پڑھے لکھے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ والد صاحب قیامِ پاکستان سے قبل سرکاری محکمے میں ملازم تھے اور بہت پڑھے لکھے، خاموش طبع انسان تھے، انگریزی بالکل انگریزوں کی طرح بولتے تھے۔
س: بچپن، لڑکپن کیسا اور کہاں گزرا، کیا سرگرمیاں، کیا کیا شوق تھے؟
ج: مجھے اپنا پٹیالہ کا حویلی نما مکان آج تک یاد ہے، اُس وقت کی یادیں بُھلائے نہیں بُھولتیں۔ ہمارے گھر کے قریب ہی ایک نہر بہتی تھی، جہاں اکثر والد صاحب ہمیں گھمانے لے جاتے تھے۔ پھر دادا، دادی کے اچانک انتقال کے بعد والد صاحب کا اس حویلی اور شہر سے جی اچاٹ ہوگیا، تو ہم پٹیالہ سے دہلی آگئے۔ والد صاحب سرکاری ملازمت سے وابستہ ہوگئےاور میرا داخلہ دہلی کے مشہور انگریزی اسکول، بٹلر ہائی اسکول میں کروادیاگیا۔ پاکستان معرضِ وجود میں آیا، تو والد صاحب نے پاکستان ہجرت کا فیصلہ کیا اوربالکل بے سروسامانی کے عالم میں ہمیں لے کر نکل کھڑے ہوئے۔
ہجرت کی ایک بہت تلخ داستان رقم کرتے ہوئے دہلی سے براستہ بمبئی، کراچی پہنچے اور مارٹن روڈ پر رہائش اختیار کی۔ مارٹن کوارٹرز میں گزارے خُوب صُورت ایّام بھی میری زندگی میں ناقابلِ فراموش کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان آمد کے کچھ عرصے بعد ہی مجھے ٹائیفائیڈ کے مرض نے اس طرح جکڑا کہ متواتر سات برس کی عمر تک ہر سال اس کا شکار ہوتا رہا۔
کراچی کے کلیٹن اسکول میں میرا داخلہ ہوچکا تھا، مگر ڈاکٹر نے بیماری کے باعث اسکول جانے سے منع کردیا تھا، تاہم علاج معالجہ خصوصاً والدہ کی بہترین دیکھ بھال اور دعائوں کے طفیل اس مرض سے نجات مل گئی۔ صحت یابی کے بعد مجھے جیل روڈ پر واقع ایک اسکول میں داخل کروادیا گیا۔
میرا شمار ذہین ترین طلبہ میں ہوتا تھا۔ درسی کتب کے علاوہ غیر ملکی ادب بھی پڑھتا تھا۔ ایک زمانے میں موسیقی سے دل چسپی پیدا ہوئی، تو والد سے ضد کرکے ہارمونیم منگوالیا، مگر والدہ کو میرا یہ شوق پسند نہ تھا۔ انہوں نے سختی سے سرزنش کی تو مجبوراً ہارمونیم واپس کرنا پڑا۔ اگر وہ میرے اس شوق کے آڑے نہ آتیں، تو آج مَیں اداکار کے بجائے گلوکار ہوتا۔ بہرحال، موسیقی کا جنون ختم ہوا تو مصوّری کا بُھوت سوار ہوگیا۔
والد چوں کہ میری ہر فرمائش پوری کرتے تھے، لہٰذا جب انہیں مصوّری کےشوق کا علم ہوا تو انہوں نے پی آئی بی کالونی میں واقع گرین آرٹ اسٹوڈیو میں داخلہ کروادیا۔ والد تو ملازمت کرتے ہی تھے، لیکن والدہ بھی ریڈیو پاکستان سے منسلک تھیں، والد صاحب نے انہیں شروع ہی میںباور کروادیا تھا کہ ’’ریڈیو سے ملنے والی آمدنی گھر میں استعمال نہیں ہوگی۔ آپ پیسے کمائیے، مگر گھر میرے پیسوں ہی سے چلے گا۔“اور والد جب تک حیات رہے، سلسلہ اسی طرح چلتا رہا۔
س: آپ کا شمار کُہنہ مشق صداکاروں اور صفِ اوّل کے فن کاروں میں ہوتا ہے، تو اس سفر کا آغاز کیسے ہوا؟
ج: دراصل بچپن ہی سے مجھے سی ایس پی آفیسر یا پروفیسر بننے کا شوق تھا۔لکھنے لکھانے کا شوق بھی تھا، اسکول کے زمانے ہی میں میری کئی کہانیاں جنگ کے بچّوں کے صفحے پر چَھپ چکی تھیں۔ والد مرحوم نے جب مجھ سے مستقبل کے حوالے سے پوچھا کہ ’’تم کیا کرنا چاہتے ہو؟“ تو مَیں نے برملا کہہ دیا کہ ’’پروفیسر بننا چاہتا ہوں۔“ انہوں نے میرے شوق کی تکمیل کے لیے مجھے انگریزی پڑھانا شروع کردی۔ جس کا فائدہ یہ ہوا کہ میری انگریزی بہت اچھی ہوگئی۔
والد صاحب کا انتقال ہوا،تو والدہ اکیلی رہ گئیں،چوں کہ وہ ریڈیو پاکستان سے وابستہ تھیں، تو انہیں دیکھ کر مجھے بھی شوق ہوا۔ اُن دنوں ریڈیو پاکستان بندر روڈ پر ہوتا تھا۔ لہٰذا میں بھی گاہے بگاہے ریڈیو جانے لگا۔ والدہ میرے ریڈیو پر کام کے خلاف تھیں، جب کہ مجھے اداکاربننے کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ اُن ہی دنوں ریڈیو کے لیے آڈیشن لیے جارہے تھے، مَیں نے بھی آڈیشن دیا تو پاس ہوگیا اورڈراموں میں چھوٹے موٹے کردار کرنے لگا۔ اُس وقت ریڈیو کا بہت چرچا تھا، پھر جب 1960ء کی دہائی میں ٹی وی آیا، تو وہاں چلا گیا۔ ٹی وی میں اُس وقت زیادہ تر ریڈیو ہی سے وابستہ لوگوں کو ترجیح دی جاتی تھی۔
مَیں ٹی وی میں بحیثیت انائونسر کام کرنا چاہتا تھا، مگر جب انہوں نے مجھے اسسٹنٹ پروڈیوسر کی جاب آفر کی تو بہت سوچ بچار کے بعد اُن کی پیش کش رَد کردی۔ پھر کچھ عرصے بعد دوبارہ آڈیشن کے مراحل سے گزرنے کے بعد انائونسمینٹ کے شعبے سے وابستہ ہوگیا تو مجھے خبریں پڑھنے پر لگادیاگیا۔ معروف براڈ کاسٹر، اسلم اظہر بھی ریڈیو سے ٹی وی کی طرف آئے تھے۔ مَیں ریڈیو پاکستان میں اُن کے ساتھ کام کرچکا تھا۔
انہوں نے جب مجھے ٹی وی پر انائونسمینٹ کرتے اور خبریں پڑھتے دیکھا، تو کہا کہ ’’آپ یہاں وہ کام کریں، جو میرے ساتھ کرتے آئے ہیں“، لہٰذا ان کی ایما پر اُن کے ساتھ چل پڑاپھر ایک ڈرامے ’’عید کا جوڑا“ میں مرکزی کرداربھی مل گیا، تومَیں نے اپنی ساری توجّہ ڈرامے پر مرکوز کردی۔ اُس زمانے میں پی ٹی وی سے بڑے بڑے لوگ وابستہ تھے۔ اور مجھے فخر ہے کہ مَیں نے ایک نہیں، کئی لیجنڈز کے ساتھ نہ صرف کام کیا بلکہ اُن سے بہت کچھ سیکھا بھی۔
س: آپ نے کئی تھیٹر ڈراموں، فلموں میں بھی فنی صلاحیتوں کا اظہار کیا،تو کہاں زیادہ لُطف آیا، ریڈیو، اسٹیج یا بڑی، چھوٹی اسکرین پر۔ خود کو سب سے زیادہ فِٹ کہاں محسوس کرتے ہیں؟
ج: ایمان داری کی بات یہ ہے کہ لُطف مجھےکہیں نہیں آیا۔ اگرچہ لوگ تو کہتے ہیں کہ مَیں بہت اچھا کام کرتا ہوں یا کرتا تھا، لیکن میں آج تک اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوا۔ مَیں نے ریڈیو اورٹیلی ویژن کے علاوہ اسٹیج اور فلموں میں بھی بہت کام کیا ہے۔
شروع میں ریڈیو پر کافی مشکلات پیش آئیں، ٹی وی آیا، تو اسٹیج پر کام کم ہوگیا، آہستہ آہستہ فلموں کا سلسلہ بھی چلتا رہا۔ مَیں نے متعدّد موضوعات پر سنجیدہ اسکرپٹس کےساتھ بے پناہ کام کیا ہے، مگر اس امر کا تعیّن کرنا میرے لیے آج بھی دشوار ہے کہ مَیں خود کو کہاں زیادہ فِٹ محسوس کرتا ہوں۔
س: پی ٹی وی دوَر کے اور آج کے ڈراموں میں کیا فرق محسوس کرتے ہیں؟
ج: آج کے دَور میں جب ٹی وی چینلز کی بھرمار ہے، عموماً چینلز ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے چکّر میں بس الّم غلّم پیش کررہے ہیں۔پہلے صرف ایک چینل ہوا کرتا تھااور بڑے نام وَر رائٹرز ڈرامے لکھا کرتے تھے۔ جب کہ بعض رائٹرز ڈرامے لکھتے بھی تھے اور ان میں کام بھی کرتے تھے۔
وہ بہت محنتی، سخت جان لوگ تھے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ہمیں لوگ بتاتے تھے کہ ’’ بھارت سے فلاں دوست کا خط آیا ہے، جس میں اُس نے لکھا ہے کہ وہ پاکستانی ڈرامے دیکھ دیکھ کر ڈراما لکھنا،کرنا سیکھ رہے ہیں۔“ بہرحال، مَیں نے اس دَور میں بہت جم کر کام کیا۔ مَیں اپنی مرضی کا اسکرپٹ کرتا تھا اور پیسے بھی مرضی کے لیتا تھا، تو میرا پی ٹی وی کے ساتھ لازوال وقت گزرا ہے۔
س: لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹس سے بھی تعلیم حاصل کی، اس حوالے سے بھی کچھ بتائیے؟
ج: مَیں لندن پڑھنے کے لیے گیا تھا۔ گرچہ میری شادی ہوچکی تھی، مگرمَیں بیگم کے بغیر ہی لندن گیا۔ لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹس میں اپلائی کیا، تو میرا سی وی دیکھ کر مجھے بلالیا گیا۔
چوں کہ ریڈیو میں کام کرچکا تھا، میرا تعلق صداکاری اور اداکاری دونوں سے تھا، لہٰذا میں نے ان ہی شعبوں میں تربیت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہاں پڑھنے کے ساتھ ہی بی بی سی کے لیے بھی کام شروع کردیا۔ لندن میں مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ تھیٹر، ڈرامے اور اداکاری کے سب رموز اسی اکیڈمی سے سیکھے۔ تاہم، اس دوران کافی پاپڑ بیلنے پڑے۔
اگرچہ بی بی سی میں جُزوقتی ملازمت کے دوران کچھ آمدنی ہوجاتی تھی، مگر وہ تعلیمی مَد میں خرچ ہوجاتی۔ جب بیگم کو بھی لندن بلوالیا، تو اخراجات اس قدر بڑھ گئے کہ ایک ریستوران میں بطور ویٹر ملازمت کرنا پڑگئی۔ مَیں یہ نہیں کہتا کہ اس سے میری انا مجروح ہوئی، کیوں کہ لندن میں بہت سے طلبہ پارٹ ٹائم جاب کرتے ہیں اور اکثریت اسی قسم کے کاموں سے منسلک ہے، مگر میرے جیسے فن کار کے لیے جوریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج سے اپنی ایک شناخت بناچکا تھا، یہ انتہائی مشکل کام تھا۔ بہرحال، تعلیم سے فراغت کے بعد برطانوی ٹی وی پر بھی کام کا موقع ملا تو لندن میں بھی شہرت مل گئی۔
س:برطانوی ٹی وی ڈراموں اور یہاں کے ڈراموں میں کیا واضح فرق محسوس کیا؟
ج: بھئی دیکھیے......(حسبِ معمول ایک طویل پاز لے کر دوبارہ گویا ہوئے) مَیں آپ کو ایمان داری کی بات بتائوں، لندن اور پاکستان کے ڈراموں میں، مَیں نے کوئی خاص فرق محسوس نہیں کیا۔
ہمارے یہاں بھی ڈراموں میں پرانے دَور اور پرانے طرز کی عکّاسی کی جاتی تھی، لندن میں بھی کم و بیش یہی سلسلہ تھا۔ معروف ڈراما نگار،شیکسپیئر کے ڈرامے تھیٹر پر باقاعدگی سے چلتے تھے۔ دونوں طرف ہی پرانے زمانے کے ڈراموں کا چلن تھا، تو مجھے تو کچھ خاص فرق محسوس نہیں ہوا۔
س: پاکستان ٹیلی ویژن پر راج کرنے والے ڈراما نگاروں سے اب ڈرامے کیوں نہیں لکھوائے جارہے؟
ج: اب ڈراما نگار رہے کہاں، سوائے انور مقصود کے کوئی ڈراما نگار نہیں۔ اور پھر یہ کہ اب سارے ٹی وی چینلز جو کچھ دکھارہے ہیں، اُس سے انہیں پیسا بھی تو کمانا ہے۔نئےنئے لکھنے والوں سے کم پیسے دے کر ڈرامے لکھوالیے جاتے ہیں اور پھر حشر سب کے سامنے ہے۔
س: مگر پچھلی کئی دہائیوں سے کوئی حسینہ معین، فاطمہ ثریا بجیا، امجد اسلام امجد اور انور مقصود کیوں پیدا نہیں ہوا؟
ج: جی بالکل درست فرمایا۔واقعی، اب کوئی اس پائےکا ڈراما نگار نہیں اور اگر کوئی ہے، تو چینلزکی بھر مار میں ان کی کوئی قدر نہیں۔ ترجیحات بدل چکی ہیں۔ اب پہلی ترجیح کمائی ہے۔ جب 4اقساط کے ڈرامے کو کھینچ کر 14 اقساط تک لے جایا جائے گا اور 13قسطوں کا ڈراموں 50 اقساط تک پہنچ جائے گا، تو کون سا اور کہاں کا معیار؟ کوئی معیاری اسکرپٹ ہو بھی تو کمرشلائزڈ کرکے اس کی ایسی کی تیسی کردی جاتی ہے۔ ان حالات میں کسی اچھے ڈراما نگار کا سامنے آنا ممکن ہی نہیں۔
س: آپ نے ڈراموں میں اداکاری کرکے عروج حاصل کیا، کیا وجہ ہے کہ آپ کو فلموں میں کام یابی نہیں ملی؟
ج: یہ بات بالکل درست نہیں، مَیں نے جتنی فلموں میں کام کیا یا بنائی ہیں، خدا کے فضل و کرم سے سب کام یاب ہوئیں، اور پھر ایک فلم صرف ایک اداکار کی وجہ سے ناکام یا کام یاب نہیں ہوتی، اس میں پوری ایک ٹیم کی محنت اور کاوشیں شامل ہوتی ہیں۔
س: ساری زندگی آپ کی اداکاری پر ایک تنقید ہوتی رہی کہ آپ اداکاری کے دوران لمبا پاز/وقفہ لیتے ہیں۔ اور ایسا ہے بھی، تو اس کی کوئی خاص وجہ؟
ج: ہوا یہ کہ میں نے پی ٹی وی کا ایک پراجیکٹ کیا تھا، جس میں ایک وکیل کا کردار ادا کیا، تواپنے کردار کے مطابق مَیں گھروں میں جاکر بڑی بوڑھیوں سے بات کیا کرتا تھا۔ ظاہر ہے کہ ُان سے جلدی جلدی اورعجلت میں تو بات نہیں ہوسکتی تھی، لہٰذا بات چیت کے دوران فطری طور پرچند لمحوں کے لیے وقفہ آجاتا اور پھر ایک تہذیب کا ماحول بنانے کے لیے ایسا کرنا ضروری تھا اور یہ اسکرپٹڈ نہیں تھا۔ آپ اسے میری ڈرامیٹک آرٹ کی تربیت کا نتیجہ کہہ سکتے ہیں۔ اس طرح کے پاز کو بہت پسند کیا گیا، تو اس کے بعد سب ہی ڈراموں میں یہ انداز چلتا رہا اور آج تک برقرار ہے۔
س: فلم ’’سوتن کی بیٹی“ کی شوٹنگ کے دوران بھارتی اداکارہ ریکھا نے ایک موقعے پر آپ سے پوچھا کہ’’ آپ سنگل ہیں؟“ تو کیا وہ واقعی آپ سے شادی کرنا چاہتی تھیں؟ وہ کیا معاملہ تھا؟
ج: مجھے نہیں معلوم کہ وہ مجھ سے شادی کرنا چاہتی تھیں یا نہیں۔دراصل فلم ’’سوتن کی بیٹی“ میں میرا کردار ایڈوکیٹ مہرہ کا تھا۔ کاسٹ میں ریکھا، جیا پرادھا اور جیتندر وغیرہ شامل تھے۔ سوتن کی بیٹی ایک کام یاب فلم ثابت ہوئی اور مجھے خوشی ہے کہ میرا کردار بھی لوگوں کو پسند آیا۔
ممبئی میں قیام کے دوران ریکھا میرے پاس خود چل کر آئیں اور میری ایکٹنگ کی بھرپور داد دی۔ حالاں کہ اُنہیں معلوم تھا کہ مَیں شادی شدہ ہوں، لیکن پھر بھی اُنہوں نے بہت ہی تمیز سے میرا پیچھاکیا۔ ہاں البتہ جب مَیں نے اُن کی طرف سے کچھ زیادہ التفات نوٹس کیا، تو آہستہ آہستہ پیچھا چُھڑانے ہی میں عافیت جانی۔
س: بھارت میں اتنی کام یاب فلم کرنے کے بعد کسی پروڈیوسرکی جانب سے دوبارہ پیش کش ہوئی؟
ج: جی ہاں، وہاں کام کرنے کے غالباً چھے ماہ بعد ہی ایک پروڈیوسر نے آفر کی تھی، لیکن مَیں نے منع کردیا، کیوں کہ اُس وقت مجھے جرمنی سے ایک اچھی فلم کی آفر آگئی تھی۔ پھر مَیں پی ٹی وی کے مختلف سیریلز کے علاوہ ڈائریکشن میں بھی مصروف تھا اور اپنے ڈرامے ڈائریکٹ کررہا تھا۔
س: نئے لکھنے والوں کاعلم و ادب سے کوئی رشتہ دکھائی نہیں دیتا،ایسا کیوں؟
ج: صرف پاکستان میں نہیں، پوری دنیا میں فنونِ لطیفہ کمرشل ازم کی نذر ہوگیا ہے بلکہ مَیں تو پھر بھی شُکر ادا کرتا ہوں کہ بھارت کی نسبت ہم آج بھی اچھا ڈراما، موسیقی تخلیق کررہے ہیں۔
س: اب تک کتنے اعزازات اور ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے؟
ج: لاتعداد ایوارڈز حاصل کرچکاہوں، اتنے زیادہ ہوگئے تھے کہ گھر میں رکھنے کی جگہ نہیں رہی، تو بیگم نے زیادہ تر ایوارڈز ڈبوں میں بھر کر رکھ دیئے۔ رواں برس بھی حکومتِ پاکستان کی طرف سے ستارئہ امتیاز ملا ہے۔
س:آج کل کیا مصروفیات ہیں؟
ج: کوئی خاص نہیں، آرٹس کائونسل میں ڈرامیٹک /ایکٹنگ کے شعبے کا سربراہ ہوں اور ناپااکیڈمی میں پڑھارہا ہوں۔
س:آپ کی صبح کب ہوتی ہے، اور کیسے؟
ج: میں رات کو جلد سوتا اور علی الصباح بیدار ہوجاتا ہوں۔
س: فارغ اوقات کے کیا مشاغل ہیں؟
ج: مجھے مطالعے کا جنون ہے، زیادہ تر پیسے کتابیں خریدنے پر خرچ کرتا ہوں، فارغ اوقات میں مطالعہ ہی میرا مشغلہ ہے۔ مَیں کتابوں کے بغیر رہ نہیں سکتا۔ جو کتاب اچھی لگتی ہے، خرید لیتا ہوں، بعض کتابیں تو بار بار پڑھیں۔ آج کل لکھنے لکھانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے، کچھ کہانیاں لکھی ہیں اور فی الحال ایک ناول لکھ رہا ہوں۔
س: زندگی کی پہلی کمائی کب اور کتنی تھی؟
ج: والد کا جب انتقال ہوا، تو مالی حالات کافی خراب ہوگئے۔ والدہ کی تن خواہ ڈیڑھ سو روپے تھی، جس میں گزارہ ممکن نہیں تھا۔ مَیں اس وقت میٹرک کا طالب علم تھا۔ دگرگوں معاشی حالات کی وجہ سے والدہ سے کوئی کام کرنے کی اجازت مانگی، جو انہوں نے بمشکل دی، تو کراچی میں لیرک سنیما، جہاں میرے ایک دوست کے چچا ملازمت کرتے تھے، گیٹ کیپر کی نوکری شروع کردی۔ جس کی پہلی تن خواہ 60روپے ملی۔ وہاں اتفاق سے ایک دن ایک انگریز خاتون نے گیٹ پر رک کر مجھ سے کچھ پوچھا، تو مَیں نے انگریزی میں بہت اچھے انداز میں جواب دیا۔
میرے دوست کے چچا نے مجھے یوں شستہ انگریزی میں گفتگو کرتے دیکھا، تو خاصے حیران ہوئے۔ مجھ سے پوچھا، ’’تم اتنی اچھی انگریزی کیسے بول لیتے ہو؟“ مَیں نے بتایا کہ ’’مجھے، میرے والد صاحب نے انگریزی پڑھائی ہے۔“ تو بہت خوش ہوئے۔ انگریزی میں مہارت کی وجہ سے انہوں نے مجھے ترقی دے کر بکنگ کلرک بنادیا اور تن خواہ ساٹھ روپے سے بڑھا کر پچھتّر روپے کردی، ساتھ ہی یہ ہدایت بھی کی کہ ’’دیکھو، اسکول ٹائم کے بعد یہاں آنا، اور یہاں تم صرف دوپہر ایک بجے سے پانچ بجے تک ڈیوٹی دوگے، اس کے بعد گھر میں پڑھولکھوگے۔“
س:زندگی میں کسی کے احسان مند ہیں؟
ج: احسان مند مَیں سب کا ہوں، جن لوگوں نے میرا کام دیکھ کر میری حوصلہ افزائی، میری مدد کی، مَیں اُن سب کا احسان مند ہوں۔ مَیں اپنے اساتذہ کا احسان مند ہوں، خصوصاً انگریزی ادب کے استاد عسکری صاحب کا، جو انتہائی سلیقے سے گفتگو کرتے تھے اور بیش بہا معلومات رکھتے تھے، اس کے علاوہ میں ریڈیو پاکستان کا بھی احسان مند ہوں، جہاں اعلیٰ پائے کی علمی و ادبی شخصیات کے ساتھ اُٹھنے بیٹھنے کا موقع ملا۔
س: زندگی میں حُسن وترتیب لانے میں شریکِ حیات کا کتنا کردار ہے؟ بچّے کتنے ہیں اور کیا کیا کررہے ہیں؟
ج: میری اہلیہ، پروفیسررخشندہ کراچی یونی ورسٹی میں شعبہ نفسیات کی سربراہ تھیں، اب ریٹائر ہوچکی ہیں۔ وہ حقیقی معنوں میں زندگی کی نصف بلکہ نصف سے بھی کہیں زائد بہتر ہیں۔ تین بچّے ہیں سب سے بڑی بیٹی تزئین ہے، جس نے چند ڈراموں میں کام کرکے اپنی شناخت بنائی۔ اس سے چھوٹی روحینہ فیصل، ڈبل ایم اے ہے، کینیڈا میں مقیم ہے اور وہیں مقامی یونی ورسٹی میں پڑھاتی ہے۔ بیٹا اشعر حسین کراچی میں ہمارے ساتھ رہتا ہے، اس نے کئی ڈرامے ڈائریکٹ کیے، بہت اچھا ڈائریکٹر تھا، فی الحال نجی ملازمت سے وابستہ ہے۔
س: کہا جاتا ہے کہ آپ بہت مشکل انسان ہیں، کیا یہ سچ ہے؟
ج: مَیں ہرگز مشکل آدمی نہیں ہوں، مَیں تو ہنستا بولتا آدمی ہوں۔ میری سنجیدگی دیکھ کر شاید کچھ لوگ ایسا سوچتے ہوں، مگر حقیقت یہ ہے کہ میں خوش باش، ہنسی مذاق کرنے والا انسان ہوں۔ میری سنگت میں تو لوگ خوش رہتے ہیں اور ایک بزلہ سنج، ہنسی مذاق کرنے والا شخص قطعی مشکل انسان نہیں ہوسکتا۔
س: موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ پاکستانی سیاست کو ایک جملے میں کیسے بیان کریں گے؟
ج: عمران خان صاحب اچھا کام کررہے ہیں۔ آج نہیں، تو کل اس کے نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔ دراصل زمین داری نظام نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور جب تک اس نظام کا خاتمہ نہیں ہوجاتا، سیاست میں اسی طرح گندگی و غلاظت رہے گی۔
س: کس بات پر غصّہ آتا ہے؟ آئے تو ردعمل کیا ہوتا ہے؟
ج: مجھے غصّہ نہیں آتا، پوری زندگی میں بمشکل دو تین بار ہی بیگم سے لڑائی ہوئی ہوگی۔
س: تنقید کے کس حد تک قائل ہیں؟ کوئی آپ پر تنقید کرے، تو کیسا لگتا ہے؟
ج: اگر کوئی درست تنقید کرے، تو تسلیم کرلیتا ہوں۔ ویسے ایمان داری کی بات بتاؤں کہ مجھے اپنی خامیوں، خرابیوں کا کسی کے کہے بغیر بھی پتا چل جاتا ہے۔
س: بچپن کی کوئی یاد، کوئی ناقابلِ فراموش واقعہ؟
ج: جب ہم پٹیالہ میں رہتے تھے، میری عُمر کوئی چار پانچ سال ہوگی، تو باورچی خانے میں مرتبان میں رکھی مٹھائیاں چوری چُھپے کھانا آج بھی یاد ہے پھر بڑے بڑے لوگوں کی صحبتیں، اُن کی یادیں، ناقابلِ فراموش ہیں، خصوصاً شاعر قمر جمیل سے میرا بڑا گہرا تعلق تھا۔ اُن کے دستِ شفقت کی بدولت ہی آج میں کچھ’’ تعلیم یافتہ“ ہوں۔
س: آپ کا کوئی راز؟
ج: مجھے نہیں یاد، مَیں نے زندگی میں کبھی کوئی ایسی حرکت کی ہو، جسے راز رکھنا پڑے۔
س: سال گرہ مناتے ہیں؟
ج: جی بالکل، میرے بھائی، اہلیہ کے علاوہ میرا بیٹا، بہو میری سال گرہ پر خاص اہتمام کرتے ہیں۔
س: کوئی ایسی یاد، جسے دل سے جدا نہیں کرنا چاہتے؟
ج: یوں تو بہت سی یادیں ہیں، جو دل و دماغ کے کینوس پر نقش ہیں، تاہم قمر جمیل بھائی کی یادیں دل سے جدا نہیں کرسکتا۔
س: موسیقی کا شوق کس حد تک ہے، کوئی ایسا گلوکار، جس کے گانے شوق سے گنگناتے ہوں؟
ج: مَیں نے ایک دَور میں کچھ گانے گائے بھی ہیں، اُس زمانے میں سب ہی لڑکے، لڑکیاں گالیا کرتے تھے، اتفاق سے میں بھی اچھا گالیتا تھا، بلکہ ستّر کی دہائی کا میرا پی ٹی وی پر گایا ہوا ایک گانا اِن دنوں یو ٹیوب پر بھی آگیا ہے۔ رہی بات پسندیدہ گلوکار کی، تو ماشاء اللہ پاکستان کے متعدّد گلوکار گائیکی میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، اُن میں ایس بی جون، مہدی حسن، احمد رشدی، مجیب عالم، عالم گیر سمیت کئی گلوکار ایسے ہیں کہ جن کا کوئی نعم البدل نہیں۔ جب کہ بھارت میں لتا، مکیش، طلعت محمود وغیرہ کے گانے بھی شوق سے سنتا رہا ہوں۔
س: ای میلز وغیرہ چیک کرتے ہیں، میسجز کا جواب دیتے ہیں؟
ج: باقاعدگی سے تو نہیں، لیکن کسی خاص موقعے یا خاص بات کا جواب ضرور دیتا ہوں۔
س: ’’ہر کام یاب مرد کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے“ آپ اس سے اتفاق کرتے ہیں؟
ج: جی بالکل، اس ضمن میں مَیں اپنی والدہ اور اہلیہ کی مثال دے سکتا ہوں۔
س: آپ کی کوئی انفرادیت؟ اپنی شخصیت کو کس طرح بیان کریں گے؟
ج: میں بہت اسٹیٹ فارورڈ آدمی ہوں، جو محسوس کرتا، سوچتا ہوں، فوراً اظہار کردیتا ہوں۔
ماں کی مار بہت یاد آتی ہے!!
آنسو بَھری آنکھوں سے ماں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا، ’’مَیں نے ماں سے بہت مار کھائی ہے۔ وہ بے دریغ میری پٹائی شروع کردیا کرتی تھیں، جب میں اکیس سال کا ہوا، تو کسی بات پر جوتا اُٹھا کر میری پٹائی شروع کردی۔ مَیں اُس زمانے میں ایکسرسائز کررہا تھا، پٹّھے مضبوط تھے، تو مجھے چوٹ نہیں لگ رہی تھی، بلکہ الُٹا ہنسی آرہی تھی، تو کہنے لگیں ’’تجھے درد کیوں نہیں ہورہا، اس کا مطلب ہے کہ تو جوان ہوگیا ہے، بس اب مَیں تجھے نہیں ماروں گی۔“ اکثر وہ جب ناراض ہوتیں، تو بات چیت بند کردیا کرتی تھیں، ایسے میں مَیں اُن کے پائوں پکڑتا، منتّیں کرتا،مگر اکثر وہ کئی کئی دن ناراض رہتیں۔“
جہاں بھی گئے داستاں چھوڑ آئے.....
طلعت حسین نے فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں طبع آزمائی کی جہاں بھی گئے داستاں چھوڑ آئے۔ ریڈیو، تھیٹر، ٹی وی اور فلم میں اُن کی بے مثال، لازوال صداکاری و اداکاری کی ایک دنیا گواہ ہے۔ افغان جنگ کے پس منظر میں تیار کردہ ٹیلی ویژن ڈرامے ’’پناہ‘‘ میں ناظرین نے اُن کے کام کو بے حد سراہا، تو بانئ پاکستانی قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی پر بننے والی فلم ’’جناح‘‘ میںاُن کے مہاجر کے کردار کو بھی بہت پسند کیا گیا۔
ٹیلی ویژن ڈراموں میں ارجمند، اِک نئے موڑ پہ، دی کیسل، ایک امید، ٹائپسٹ، رابطہ، نائٹ کانسٹیبل، درد کا شجر، بندش، دیس پردیس، فنونِ لطیفہ، ہوائیں، عید کا جوڑا، کشکول،تھوڑی، خوشی تھوڑا غم، گھوڑا گھاس کھاتا ہے، دیس پردیس، آنسو، طارق بن زیاد، پرچھائیاں اوردیگر کئی مقبول، یادگار ڈرامے شامل ہیں، توفلموں میں چراغ جلتا رہا،جناح، ایکسپورٹ امپورٹ (نارویجن فلم)،لاج، قربانی، سوتن کی بیٹی (بھارتی فلم)، اشارہ، آشنا، بندگی، محبت مر نہیں سکتی، انسان اور آدمی،گم نام، چُھپن چُھپائی اور پراجیکٹ غازی وغیرہ شامل ہیں۔
پھرغیرملکی چینلز پراداکاری کے علاوہ بہت سی ڈاکیو منٹریز میں اپنی خُوب صُورت صداکاری کا بھی مظاہرہ کیا، جن میں، ’’ایم ایم عالم“ (پاکستان ائر فورس کی تیار کردہ)،’’قرآن ِپاک کا اردو ترجمہ“ اور ’’توسیعِ مسجد الحرام“ سرِفہرست ہیں۔