کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں انتخابات کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم حصہ لیں گے شہباز شریف نے راتوں رات فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پکڑے گئے، اسد عمر اور حفیظ شیخ نے ٹھیک کام کئے اسی کے ثمرات مل رہے ہیں، ترین گروپ بجٹ پاس کرنے میں رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گا، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم تنازع سے بڑا مسئلہ ن لیگ لندن اور ن لیگ لاہور کی لڑائی ہے، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں انتخابات کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم حصہ لیں گے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان عبداللہ سلطان سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل بھی شریک تھے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کے معاشی دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھیں گے، اپوزیشن کو سوفیصد یقین کے بغیر تحریک عدم اعتماد نہیں لانی چاہئے، کوئی این آر او نہیں مانگا یہ عوام کی لڑائی ہے عوام ہی فتح یاب ہوں گے۔قادر خان مندوخیل نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی وجہ سے پی ڈی ایم کے ٹکڑے ٹکڑے ہوئے، سیاسی اتحاد برابری کی سطح پر ہوتے ہیں اس میں شوکاز نوٹس کیسے دیا جاسکتا ہے،ایسا نہیں ہوسکتا نواز شریف لندن میں کافی پیئں اور ہم یہاں جیلیں کاٹیں۔