لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ جمہوری استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لاناہوگی ۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں ادارے مستحکم نہیں ہوسکے ۔ نظام ٹھیک ہوگیا تو افراد کی کمزوریاں کور ہو جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا آزاد اور ذمہ دار میڈیا پاکستان کے لیے ناگزیر ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مردان میں معروف عالم دین مولانا سلطان محمد کی نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے مولانا سلطان محمد کی دین اور تحریک اسلامی کی سربلندی کے لیے خدمات اور کاوشوں کی تحسین اور مرحوم کے لیے جنت میں اعلیٰ درجات کی دعا کی ۔ سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے ۔ وزیراعظم کے یوٹرنز کی وجہ سے عوام اب ان پر مزید اعتبار کرنے کو تیار نہیں ۔ حکومت نے نہ صرف کشمیر کے مسئلہ پر عوام کو مایوس کیا بلکہ فلسطین کے معاملہ پر بھی نرم موقف اپنایا ۔ انہوںنے کہاکہ تین برس میں پی ٹی آئی کی حکومت لوگوں کو کسی بھی قسم کا ریلیف نہیں دے سکی ۔امیر جماعت کا کہنا تھاکہ ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا ۔