راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)پاکستا ن میں ہر سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائدجبکہ438 افراد روزانہ تمباکو نوشی کی وجہ سے لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ 1200سے زائد پاکستانی بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کرتے ہیں جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے بینظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں ترک تمباکو نوشی کلینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ تمباکو نوشی چھوڑنے والے افراد کی اس وباء سے چھٹکارے کے لیے مدد کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر /انچارج ٹوبیکو کنٹرول سیل عامر عقیق خان نے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے اندر ڈپٹی کمشنر آفس،سٹی پولیس آفس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی آفس،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس،پی ایچ اے،ایجوکیشن اتھارٹی، پنجاب فوڈ اتھارٹی،ڈائریکٹر کالجز آفس اور پبلک پارکس کو سموک فری قرار دیا جا چکا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹوبیکو کنٹرول سیل قائم کیا جاچکا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ٹاسک فورس بھی تشکیل دی چکی ہے جو ضلع بھر میں تمباکو نوشی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔