مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم نے پوری توجہ نااہل حکومت پر مرکوز کررکھی ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ لانگ مارچ کو متنازع بنایا گیا، بلاول کو علم ہے کہ ہمیں سب کچھ پتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جلسوں تک کا مرحلہ پی ڈی ایم نے اچھی طرح نبھایا، لانگ مارچ کرکے پوری اپوزیشن استعفے دیتی تو کٹھ پتلی حکومت منہ کے بل گر چکی ہوتی۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ جب استعفوں کی بات ہوتی ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ آدھی اپوزیشن استعفے دے۔
اُن کا کہنا تھاکہ پوری اپوزیشن اگر استعفے دیتی تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ حکومت بچ جاتی، پی ڈی ایم تحریک کی وجہ سے ضمنی الیکشن میں کامیابیاں ملیں۔
رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ مخالفین کو تین سال میں کچھ حاصل نا ہوا تو اب اختلافات کا شور مچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بھی نواز شریف کی قیادت میں کام کر رہے ہیں، ہم پوری توجہ اس نا اہل حکومت پر مرکوز کئے بیٹھے ہیں۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ عام انتخابات میں نواز شریف کی قیادت میں کٹھ پتلی حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔
اُن کا کہنا تھاکہ خوش اختر سبحانی مسلم لیگ ن کے بااعتماد ساتھی تھے۔