پشاور ( لیڈی رپورٹر)سابق رکن صوبائی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سیلاب و زلزلہ سے متاثرہ ضلعوں سمیت تمام اضلاع کو حقوق دینے میں ناکام ہوچکے ہیں وہ صرف ضلع نوشہرہ کے وزیراعلیٰ بنے ہوئے ہیں ،پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چترال کے سیلاب و زلزلہ متاثرین کے لئے وفاقی اور صوبائی حکو مت کے اقدامات ناکافی ہیں ۔ امدادی رقم متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ چترال کے محب وطن پاکستانی انتہائی مشکل حالات کے باوجود بھی نقل مکانی نہیں کرینگے تاہم مرکزی اورصوبائی حکومت نےمتاثرین فوری امداد نہ کی توچترالی باشندے کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ چترال میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے مطلوبہ رقم فراہم کی جائے تاکہ ضلع کے 80 فیصد علاقوں میں آمدورفت بحال ہوسکے اور دیہات کے بچے اور بچیاں حصول تعلیم محروم رہنے سے بچ سکیں انہوں نے کہا کہ حکو مت کی جانب سےسیلاب سے تباہ مواصلاتی ، آبپاشی و آبنوشی نظام کی بحالی کے لئے دس ارب کی بجائےصرف ایک ارب روپے جاری کرنا چترالی عوام ناانصافی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔