پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والے پاکستانی اداکارعمران عباس نےماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شہروز کاشف پر فخر ہے۔
اداکارعمران عباس نےفوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شہروز کاشف کی تصویر شیئر کی ، جس میں وہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنےکے بعد پاکستانی پرچم ہاتھ میں تھامے انتہائی خوش نظر آرہے ہیں۔
عمران عباس نےشہروز کاشف کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس انیس سالہ پاکستانی پر فخر ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ ’شہروز کاشف جو دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے ملک کے سب سے کم عمر شخص بنے ہیں‘
عمران نے شہروز کاشف کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ ’جیتے رہو۔‘
عمران عباس کےشہروز کاشف کی اس شاندار کامیابی کو سراہنے پر کم عمر ترین نوجوان کوہِ پیما نے اداکارکا شکریہ بھی ادا کیا۔
شہروز کاشف نےشکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’شکریہ عمران بھائی ، 8سالوں کی جدوجہد کے بعداب لگ رہا ہے کہ میری سخت محنت رنگ لا رہی ہے۔‘
شہروز نے مزید لکھا کہ ’آپ جیسی مشہور شخصیت کی میری محنت کی حوصلہ افزائی کرنےسے ان شعبوں کی طرف مزید راستے کھلیں گے۔
واضح رہے کہ شہروز کاشف نے 19 سال کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرکے پاکستان کے سب سے کم عمر ترین نوجوان ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔