سربراہ جے یو آئی ف فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اجتماعی استعفے نہ دیئے تو حکومت مدت پوری کرتی جائے گی، 4جولائی کو سوات اور 29جولائی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مقاصد کے لیے قانون لائے جارہے ہیں، ملک میں عام آدمی کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں، ناجائزاور ناکام حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر قوم ایک ہوگئی تھی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد میں رخنہ ڈال کر کس کو فائدہ پہنچا، پی ڈی ایم سے الگ ہو کر پی ٹی آئی کے ساتھ بریکٹ ہوگئے، انتخابی اتحاد ہر جماعت اپنے مفاد کو دیکھ کر بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی طرف سے جو پی ڈی ایم کی طرف آئے گا اس سے تعاون کریں گے، ہمارا تعلق پارٹی سے ہے پارٹی کے افراد سے نہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی نمائندگی جو بھی کرے پی ڈی ایم کو کوئی مسئلہ نہیں۔