امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حالات کے ستائے عوام اس دن کو کوس رہے ہیں جب پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تھا۔
منصورہ میں مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غربت، بےروزگاری، مہنگائی میں اضافہ معیشت میں بہتری کے دعوﺅں کی نفی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات کے ستائے عوام اس دن کو کوس رہے ہیں جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ 1000 دنوں میں 1000 یوٹرنز لیے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تیسرا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے مگر سمت کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی عوام کی خواہشات کے مطابق ہونی چاہیے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نااہلی کے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی میں ابہام اور بیڈ گورننس پی ٹی آئی حکومت کے ٹریڈ مارکس بن چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم و صحت کے لیے جی ڈی پی کا 5 فیصد رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دولت عوام پر خرچ نہ کی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔