• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت لسانی سیاست کر رہی ہے: مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں تعصب کی فضا قائم کر رہی اور لسانی سیاست کر رہی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صوبے بھر سے لوگوں کو بھرتی کر کے کراچی لایا جا رہا ہے جبکہ شہر کے حصے کا پانی بھی شہریوں کو نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ منفی سیاست کی اور مہاجروں کے نام پر قبرستان بنا دیئے، ایم کیو ایم ایک بار پھر مہاجر صوبے کے نام پر مہاجروں کا خون بہانا چاہتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت نے پانی کی کمی کے لیے لاڑکانہ میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ کراچی میں پانی کی کمی کے لیے پی پی نے دوغلی پالیسی اپنائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی صوبے میں لسانی سیاست کر رہی ہے جس کا نقصان سب کو ہو گا، لاوا پک رہا ہے جو کہ ٹھیک نہیں، دشمن اسے ملک کے خلاف استعمال کر سکتا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہمارے بیانیے میں کوئی یوٹرن نہیں، مہاجر کے نام پرسیاست نہیں کر رہا، اگر مہاجر کے نام پر سیاست کروں گا توسب سے زیادہ مہاجروں کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے وجود سے لے کر آج تک لسانی سیاست کی ہے، سندھ میں لسانی بل اور کوٹہ سسٹم لانے والی پیپلز پارٹی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 13، 14 سال سے سندھ کی حکمران جماعت ہے، مگر اس نے یہاں کوئی کام نہیں کیا، سندھ کی تباہی کی ذمے داری ہی پیپلز پارٹی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیشنلائیزیشن کے نام پر اردو بولنے والوں سے نوکریاں چھینی گئیں، مہاجروں میں احساسِ محرومی بڑھتا جا رہا ہے۔

تازہ ترین