اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ریلوے کی کراچی تا پشاور مین لائن (ایم ایل ون) کے حوالے سے اپنی امیدوں کا اظہار کردیا۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ خواہش ہے ریلوے ترقی کے سفر میں آگے بڑھے، ایم ایل ون سے ریلوے کو نئی زندگی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے آئندہ بجٹ کے پاس ہونے میں کوئی مشکل نظر نہیں آرہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مسائل اور تحفظات ہوتے ہیں، لیکن بجٹ آسانی سے پا س کرالیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن ساتھ نہیں دے گی تو ریفارمز کیسے ہوں گی، حزب اختلاف آئے اور صاف شفاف انتخابات کے لیے اپنی تجاویز دے۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین، کسانوں، مزدوروں اور عوام کو بڑا ریلیف ملےگا۔