مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس موجودہ دور ٹرین کے حادثات کا دور ثابت ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مسافروں کے زخمی ہونے پر دلی دُکھ ہے، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
اُنہوں نے سوال اُٹھایا کہ حادثے کی جگہ سمیت سکھر ڈویژن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی تحریری رپورٹ کے باوجود مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی؟
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی حقیقی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور حادثے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ اللّہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قائد حزب اختلاف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا بھی کی۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کے تصادم میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 33 مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ایس ایس پی گھوٹکی عمرطفیل نے بتایا کہ 20 سے 25 افراد کے ابھی بھی بوگیوں کے نیچے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
حادثے کا شکار بدقسمت ٹرین ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ دوسری ٹرین سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔